سلمان بٹ اور آصف اعترافِ جرم کرلیں آئی سی سی

شائقین کو گمراہ کرنے کا سلسلہ چھوڑ کراینٹی کرپشن یونٹ سے تعاون کرنا چاہیے۔


Sports Desk April 24, 2013
3 مختلف اداروں کی چھان بین کے بعد دونوں کرکٹرز قصور وار ثابت ہو چکے۔ فوٹو: رائٹرز

آئی سی سی نے سلمان بٹ اور محمد آصف کو جرم کا اعتراف کرتے ہوئے اینٹی کرپشن اور سکیورٹی یونٹ سے تعاون کرنے کیلیے کہا ہے۔

چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن کے مطابق 3 مختلف اداروں کی چھان بین کے بعد دونوں کرکٹرز قصور وار ثابت ہوچکے، اب عوام خاص طور پر پاکستان ٹیم کے پرستاروں کو گمراہ کرنے کا سلسلہ چھوڑ کر نئی بہتر زندگی کا آغاز کریں۔ تفصیلات کے مطابق عالمی ثالثی عدالت میں سلمان بٹ اور محمد آصف کی اپیلز مسترد ہونے کے بعد آئی سی سی کو اپنے کارناموں کا فخریہ اظہار کرنے کا موقع ہاتھ آ گیا، گذشتہ روز چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن نے اپنے بیان میں کہا کہ اینٹی کرپشن ٹریبونل، انگلش کریمنل کورٹس کے بعد عالمی ثالثی عدالت کے فیصلے دونوں کرکٹرز کو فکسنگ کا مجرم ثابت کرنے کیلیے کافی ہیں۔

انھیں چاہیے کہ اپنے کئے پر عوام سے معافی مانگیں اور معلومات کے تبادلے کیلیے اینٹی کرپشن اور سیکیورٹی یونٹ سے تعاون کریں، انھوں نے کہا کہ عالمی ثالثی عدالت کی طرف سے اپیلز مسترد کئے جانے سے ثابت ہو گیا کہ آئی سی سی کی کارروائی اور فیصلہ غلط نہیں تھا، آصف مجرم گردانے گئے تو دوسری طرف سلمان نے بھی پینل کے سامنے اپنی غلطی کا اعتراف کیا۔



انھوں نے کہا کہ دونوں کرکٹرز اب اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے عوام خاص طور پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے پرستاروں کو گمراہ کرنے کا سلسلہ ختم کردیں، مجھے یقین ہے کہ سلمان اور آصف کے پاس ایسی معلومات ہیں جن کے ذریعے اے ایس سی یو کو کرپشن کے خلاف جنگ میں مدد مل سکتی ہے، دونوں کرکٹرز بغیرکسی تاخیر کے بدعنوانی کے سدباب کیلیے معلومات فراہم کریں تاکہ ساکھ کی بحالی کے ساتھ ان کی نئی بہتر زندگی کا آغاز ہو۔

انھوں نے کہا کہ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ کیلیے واحد خطرہ کرپشن ہے جس کے ذمہ دار چند افراد کھلاڑیوں اور ان کے پرستاروں کی دل شکنی کا باعث بن رہے ہیں، آئی سی سی کے تمام رکن ملک کھیل میں بدعنوانی کیخلاف جنگ لڑتے رہیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں