زیڈان نے کوچنگ میں بھی مہارت ثابت کردی

رئیل میڈرڈ کو لگاتار تیسری بار یوئیفا چیمپئن بنوانے والے پہلے منیجر بھی بن گئے

رئیل میڈرڈ کو لگاتار تیسری بار یوئیفا چیمپئن بنوانے والے پہلے منیجر بھی بن گئے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

زین الدین زیڈان نے کوچنگ میں بھی اپنی مہارت کے جھنڈے گاڑ دیے، عظیم پلیئرز کے بعد فٹبال کے عظیم کوچز میں بھی اپنا نام درج کرادیا۔

زین الدین زیڈان کو دنیائے فٹبال کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے اور اب یہی اعزاز انھوں نے کوچنگ میں بھی حصال کرلیا ہے، ان کی ٹیم رئیل میڈرڈ نے لیور پول کے خلاف 3-1 سے فائنل میں کامیابی کے بعد مسلسل تیسری مرتبہ چیمپئنز لیگ ٹائٹل اپنے قبضے میں کیا ہے۔

کسی ایک ٹیم کو یورپی شوپیس ایونٹ کے مسلسل تین سیزن میں فتحیاب کرانے والے زیڈان پہلے کوچ بن گئے ہیں، ابھی انھیں رئیل میڈرڈ کی جونیئر ٹیم سے سینئر میں ترقی پائے 4 برس بھی پورے نہیں ہوئے مگر اہم ترین کارنامے انھوں نے انجام دے ڈالے ہیں۔


ان کے ساتھ 1998 میں ورلڈ کپ ٹائٹل جیتے والے فرانس کے موجودہ منیجر ڈیڈائر ڈیس چیمپس کا کہنا ہے کہ زیڈان پہلے غیرمعمولی پلیئر تھے اور اب غیرمعمولی کوچ بھی بن چکے ہیں، چیمپئنز لیگ میں تین ٹائٹل کامیابیاں واقعی حیران کن کارنامہ ہے۔

واضح رہے کہ زیڈان کے خود بھی ایک دن فرانس کے کوچ بننے کا امکان موجود ہے مگر وہ ابھی تیزی دکھانے کے موڈ میں نہیں ہیں اور نہ ہی کامیابیوں کا کریڈٹ خود لیتے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ میں اپنے تمام پلیئرز کو مبارکباد دینا چاہوں گا یہ اعزاز حاصل کرنا آسان نہیں تھا، میں ان کی محنت کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا۔

یاد رہے کہ یہ رئیل میڈرڈ کا پانچ برس میں چوتھا جبکہ ان کی تاریخ کا 13 واں چیمپئنز لیگ ٹائٹل ہے، خود اسی کلب کے ساتھ بطور پلیئر زیڈان 2002 میں بھی چیمپئنز لیگ جیت چکے ہیں، اس وقت گلاسگو میں بائیر لیورکوسین کیخلاف کامیابی میں انھوں نے اہم کردار ادا کیا تھا، اس مقابلے میں گاریتھ بال نے بالکل ان کے انداز میں ایک اوور ہیڈ کک لگائی، اس بارے میں زیڈان نے ایک بار پھر اپنی ذات کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ گاریتھ مجھ سے کہیں زیادہ بہتر ثابت ہوا۔

 
Load Next Story