سندھ اسمبلی کی آئینی مدت ختم

17 وزرا، ایک مشیر اور9 معاونین خصوصی عہدوں سے فارغ ہونگے، اسمبلی نے آئینی مدت پوری کرنے کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی

کئی صوبائی وزرا نے دفاتر خالی کردیے ،نگراں وزیراعلیٰ سندھ کے تقرر تک مراد علی شاہ وزیراعلیٰ کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ فوٹو:ایکسپریس/فائل

سندھ اسمبلی کی آئینی مدت آج ختم ہوگئی جس کے بعد27 رکنی صوبائی کابینہ بھی ختم ہوگئی ہے۔


سندھ اسمبلی نے اپنی آئینی مدت پوری کرنے کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی، موجودہ حکومت سے قبل سال 2008 سے 2013 اور 2002 کے عام انتخابات کے بعد وجود میں آنے والی صوبائی اسمبلی نے بھی اپنی آئینی مدت پوری کی تھی اس طرح مسلسل 3 بار 5 سالہ آئینی مدت پوری کرلی۔

سندھ کابینہ میں شامل صوبائی وزرا نثار احمد کھوڑو، منظور حسین وسان، مخدوم جمیل الزماں، جام مہتاب ڈہر،ناصر حسین شاہ، سہیل انور سیال، جام خان شورو، ضیاالحسن لنجار، محمد علی ملکانی، جام اکرام اللہ دھاریجو، محمد بخش مہر، سردار علی شاہ، فیاض بٹ، مکیش کمار چاؤلہ، امداد علی پتافی، سعید غنی اور ممتاز حسین جھکرانی وزیر کے عہدے پر نہیں رہیں گے، شمیم ممتاز صوبائی مشیر کے عہدے سے فارغ ہوجائیں گی۔


اس طرح 9 معاونین خصوصی جن میں سکندر شورو، مرتضی بلوچ، تیمور تالپور، عابد بھیو، ریحانہ لغاری، شاہد عبدالسلام، غلام شاہ جیلانی، کھٹو مل جیون، ارم خالد، شامل ہیں کے عہدے ختم ہوجائیں گے۔

سندھ کابینہ کی مدت پوری ہونے پر کئی صوبائی وزرا نے اپنے سرکاری دفاتر خالی کردیے ہیں صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو، وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ، منظور حسین وسان، وزیر قانون ضیاالحسن لنجار، وزیر ثقافت سردار علی شاہ سمیت دیگر وزرا اور معاونین خصوصی نے اپنے دفاتر خالی کردیے ہیں۔

کئی کابینہ ارکان جن میں ڈاکٹر سکندر شورو، شمیم ممتاز، ممتاز حسین جکھرانی، فیاض بٹ، مکیش کمار چاؤلہ، امداد پتافی سمیت دیگر وزرا و معاونین خصوصی(آج) پیر کو اپنے دفاتر خالی کردیںگے، صوبائی وزرا سندھ کابینہ کے آج ہونے والے الوداعی اجلاس میں شرکت کریںگے، کابینہ ارکان کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے افطار عشائیہ بھی دیا گیا ہے، کابینہ ختم ہونے کے باوجود وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اپنے عہدے پر نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر تک برقرار رہیں گے۔
Load Next Story