اقتدارمیں آنے کے بعد 90 روز کے اندر بلدیاتی انتخابات کرادیں گےعمران خان

50 ہزار دیہات کی ترقی کے لئے بیرون ممالک میں موجود اوورسیز پاکستانیوں کوایک ایک گاؤں الاٹ کریں گے، عمران خان


ویب ڈیسک April 24, 2013
50 ہزار دیہات کی ترقی کے لئے بیرون ممالک میں موجود اوورسیز پاکستانیوں کوایک ایک گاؤں الاٹ کریں گے، عمران خان۔ فوٹو ایکسپریس نیوز

تحریک انصاف کےچیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر تحریک انصاف عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرتی ہے تو 90روز کے اندر ملک میں بلدیاتی انتخابات کرادیں گے۔

لاہور میں سابق ناظمین کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کےموقع پرپریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا پنجاب کے سابق حکمرانوں نے نظام کوٹھیک نہیں کیا، مغربی جمہوری ملکوں میں ایک بھی ملک ایسا نہیں جہاں بلدیاتی نظام کامیابی سے نہ چل رہا ہو، اقتدار میں آکر گاؤں اور یونین کونسل کی سطح پر عوام کو اختیارات دیں گے اور کسی رکن قومی و صوبائی اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز نہیں دئیے جائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے 50 ہزار دیہات کی ترقی کے لئے بیرون ممالک میں موجود اوورسیز پاکستانیوں کوایک ایک گاؤں الاٹ کریں گے جواس کی تعمیروترقی اور دیگر معاملات کے ذمہ دار ہوں گے، ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ہم سے اتحاد کی خواہش مند تھی لیکن ہمارے اور ان کے نظریات میں بہت فرق ہے اس لئے ہم نے ان سے اتحاد نہیں کیا، اس موقع پرمسلم لیگ (ق) سے تعلق رکھنے والے ٹاؤن اور یونین کونسل سطح کے 68 سابق ناظمین نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں