الیکشن کمیشن صدر مملکت کے خلاف سیاسی بیان بازی کا نوٹس لے صدارتی ترجمان

صدر مملکت اپنے آئینی عہدے کے باعث خاموش ہیں اس لئے الیکشن کمیشن صدر کی کردار کشی کا نوٹس لے، ترجمان

شریف برادران کی جانب سے انتخابی جلسوں میں صدر زرداری پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ فوٹو: فائل

صدارتی ترجمان نے سیاسی رہنماؤں کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران صدر آصف علی زرداری کے خلاف بیان بازی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔


ایوان صدر کے ترجمان سیینیٹر فرحت اللہ بابر کی جانب سے الیکشن کمیشن کولکھے گئے ایک خط میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت وفاق کی علامت ہیں لیکن سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے صدر کی کردارکشی کی جارہی ہے، چند سیاسی قائدین انتخابی مہم کے دوران صدر آصف زرداری کے خلاف بیان بازی کررہے ہیں تاہم صدر مملکت اپنے آئینی مرتبے اور عہدے کے باعث خاموش ہیں اس لئے الیکشن کمیشن صدر کی کردار کشی کا نوٹس لے اور سیاسی جماعتوں بالخصوص مسلم لیگ (ن) کو صدرمملکت پر ذاتی حملے کرنے سے روکا جائے۔

واضح رہے کہ نوازشریف اورشہبازشریف کی جانب سے انتخابی جلسوں میں خطاب کے دوران صدرآصف زرداری پر شدید تنقید کی جا رہی ہے جس کی اس سے قبل بھی صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر اور سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف اپنے شدید ردعمل کا اظہارکرچکے ہیں ۔
Load Next Story