قومی سلامتی کمیٹی کا فاٹا اور گلگت بلتستان اصلاحات پر اظہار اطمینان

قومی سلامتی کمیٹی کا خطے میں امن و استحکام کیلیے سفارتی و سیاسی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق

اجلاس میں کمیٹی کو نئی ویزہ پالیسی پر بھی بریفنگ دی گئی - فوٹو: فائل

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں فاٹا اور گلگت بلتستان اصلاحات پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر دفاع و خارجہ امور خرم دستگیر، وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیر خزانہ و اقتصادی امور مفتاح اسماعیل، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر خان جنجوعہ اور سینئر سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی اور سرحدی سیکیورٹی، فاٹا اصلاحات بل کی منظوری کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا، اس کے علاوہ اجلاس میں سابق سربراہ آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کی کتاب سمیت دیگر اہم امور بھی زیر غور آئے جب کہ امن اور استحکام کے لیے پاکستان اپنی سفارتی اور سیاسی کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔


اجلاس میں فاٹا اور گلگت بلتستان اصلاحات پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، شرکاء کا کہنا تھا ان اقدامات سے دونوں ریجنز کے عوام کو قومی دھارے میں شامل کرنے میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں عالمی اور خطے کی صورتحال اور پاکستان پر ان کے اثرات کا جائزہ بھی لیا گیا اور موثر سفارتکاری پر بھی زور دیا گیا۔

اجلاس میں ملک کی داخلی سلامتی اور خارجی صورتحال پر غور کیا گیا جب کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کی مذمت کی گئی اور اس عزم کودہرایا گیا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے پاکستان اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا جب کہ اسرائیلی فوج کے فلسطینیوں پر مظالم کی بھی مذمت کی گئی اور فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں کمیٹی کو نئی ویزہ پالیسی پر بھی بریفنگ دی گئی، کمیٹی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پورے سسٹم کو آپریشنل رکھنے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں اور وطن پہنچنے پر ویزا جاری کرنے کے حوالے سے پروگرام شروع کیا جائے۔
Load Next Story