لاہور میں ڈولفن فورس کی مبینہ فائرنگ سے نوجوان جاں بحق

نوجوان سلیم ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا، ڈولفن فورس

نوجوان سلیم ڈاکووں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا، ڈولفن فورس فوٹوفائل

بادامی باغ میں ڈولفن فورس اور مشکوک افراد میں مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں راہ گیر نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور میں بادامی باغ کےعلاقے میں ڈولفن اسکواڈ اور نامعلوم ملزمان کے درمیان مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں 15 سالہ لڑکا سلیم گولی لگنے سے دم توڑ گیا۔ ڈولفن اسکواڈ نے معمول کی پیٹرولنگ کے دوران مشکوک کار کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر کار سوار نے گاڑی دوڑا دی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈولفن فورس کے اہلکار موٹرسائیکل میں کار کا پیچھا کررہے ہیں اور اچانک پیچھے بیٹھا اہلکار اپنی پستول سے فائرنگ کرتا ہے۔


اسی دوران شاد باغ رنگ روڈ انٹر چینج کے قریب کارکے ٹائر پھٹ گئے اور گاڑی بے قابو ہوکر ٹرالی سے جاٹکرائی جس کے بعد اہلکاروں نے کار سوار مشکوک ملزمان کو گرفتار کرلیا، ڈولفن فورس کے مطابق راہگیر نوجوان سلیم ڈاکووں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا۔ دوسری جانب ورثا نے ڈولفن فورس کے اہلکار کو ذمہ دار ٹھہرایا اور لڑکے کی لاش رنگ روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا اور روڈ بلاک کردی۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد فیصلہ ہوگا کہ لڑکے کی موت کس کی گولی لگنے سے ہوئی، ایس پی ڈولفن فورس ندیم کھوکھر نے بتایا کہ کار سے گرفتار 5 افراد میں سے زخمی آصف اور ساتھی ریکارڈ یافتہ ڈاکو ہیں جب کہ ملزمان گوجرانوالہ سے رینٹ پر گاڑی لے کر آئے ہیں تاہم اس حوالے مزید تفتیش جاری ہے۔
Load Next Story