
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی نے یہ رقم جنم استھان ننکانہ صاحب میں نشان خالصہ بنانے، 200 نئے کمرے اور 2 ٹینٹ سٹی آباد کرنے کے ضمن میں مانگی ہے ساتھ ہی سکھ برادری نے حکومت سے جنم دن کی مناسبت سے یادگاری سکہ جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کی طرف سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ 550 ویں گورپورب پر 20 ، 50 یا 100 روپے کا یادگاری سکہ جاری کیا جائے جس کے ایک جانب جنم استھان کی تصویر اور دوسری جانب 550 واں گورپورب لکھا جائے وفاقی وزیر مذہبی امور سردارمحمد یوسف یادگاری سکہ جاری کیے جانے کا اعلان کرچکے ہیں۔
کمیٹی کے مطابق گورو نانک دیوجی کا 550 واں گورپورب (جنم دن ) تاریخی طور پر منایا جائے گا یہ جنم دن اگلے برس نومبر میں آئے گا، کمیٹی نے ننکانہ صاحب سمیت مختلف گوردواروں میں کارسیوا کے منصوبوں کے لیے اپنی تجاویز متروکہ وقف املاک بورڈ اور وفاقی حکومت کو بھیج دی ہیں۔
کمیٹی کے مرکزی رہنما سردار بشن سنگھ نے کہا ہے کہ گورپورب پر اندرون اور بیرون ملک سے ایک لاکھ سکھ یاتریوں کے قیام و طعام کی تیاری کی جارہی ہے، توقع ہے کہ بھارت سمیت دنیا بھر سے 50 ہزار کے قریب سکھ یاتری پاکستان آئیں گے، بھارتی سکھ یاتری جتنی تعداد میں بھی آنا چاہیں انہیں ویزے جاری کروائیں گے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔