ورلڈ کپ وارم اپ میچز اٹلی نے سعودی عرب کو 21 سے زیرکرلیا

بالوٹیلی اور بیلوٹی نے گیند کو جال کی راہ دکھائی، فرانس نے آئرلینڈ پر 2-0 سے ہاتھ صاف کرلیا


Sports Desk May 30, 2018
بالوٹیلی اور بیلوٹی نے گیند کو جال کی راہ دکھائی، فرانس نے آئرلینڈ پر 2-0 سے ہاتھ صاف کرلیا فوٹو: فائل

لاہور: ورلڈ کپ وارم اپ میچز میں اٹلی نے سعودی عرب کیخلاف2-1 سے کامیابی حاصل کرلی۔

سوئٹزرلینڈ کے شہر سینٹ گیلین میں منعقدہ اس مقابلے میں ورلڈ کپ سے اس بار باہر رہ جانے والی اطالوی ٹیم کے لیے کھیل کے 21ویں منٹ میں ماریو بالوٹیلی نے گیند کو جال کی راہ دکھائی،سعودی عرب کی جانب سے 72ویں منٹ میں ال شہریری نے جوابی گول داغ کر حساب چکتا کیا، بیلوٹی نے 69 ویں منٹ میں اٹلی کے لیے دوسرا اور فیصلہ کن گول داغ دیا، بریگا میں میزبان پرتگال اور تیونس کا مقابلہ 2-2 سے برابر رہا، پرتگال نے پہلے ہاف میں دو گول داغ کر مہمان ٹیم کو دبائو کا شکار کیا، 22ویں منٹ میں سلور اور 34 ویں منٹ میں ماریو نے حریف گول کیپر کو چکمہ دے دیا، تیونس نے خسارے میں جانے کے باوجود ہمت نہیںہاری ، بدری نے 39 ویں منٹ میں خسارہ کم کیا جبکہ بین یوسف نے 64ویں منٹ میں گیند کو جال کی راہ دکھاکر حساب بے باق کردیا، پیرس میں فرانس نے جمہوریہ آئرلینڈ پر 2-0 سے ہاتھ صاف کرلیا، میزبان الیون کیلیے اولیور گیرائوڈ نے 40 ویں منٹ میں کھاتہ کھولا جبکہ اس کے تین منٹ بعد فیکر نے بھی گیند کو جال میں پہنچاکر برتری ڈبل کردی۔

کیلیفورنیا میں میکسیکو اور ویلز کا مقابلہ بغیر کسی گول کے تمام ہوگیا۔دوسری جانب جرمنی کے کپتان اور گول کیپر مینوئل نوئر ہفتے کو آسٹریا کیخلاف شیڈول ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں دوبارہ انٹرنیشنل میچ میں حصہ لیں گے، وہ پائوں کی انجری کے سبب گذشتہ 8 ماہ سے سائیڈ لائن پر تھے، جرمن ٹیم سردست اٹلی کے شہر ایپان میں ٹریننگ بیس میں تربیت جاری رکھے ہوئے ہے، جرمن گول کیپنگ کوچ آندریاس کیوئپکے نے میڈیا کو بتایا کہ اس مقابلے میں مینوئل کھیلیں گے، یہ مقابلے ان کیلیے بہت اہم ہیں، جس میں وہ اپنی فٹنس کا خود بھی جائزہ لے پائیں گے، اس کے بعد ہی ہم ان کے مکمل فٹ ہونے کی بابت کوئی فیصلہ کرپائیں گے، اس سے قبل جرمن کوچ جوکیم لیو پہلے ہی یہ واضح کرچکے ہیں مینوئل ان کے ہمراہ روس کا سفر کریں گے، جہاں ورلڈ کپ 14 جون سے 15 جولائی تک شیڈول ہے، لیونے فی الوقت 27 پلیئرز کو ٹریننگ کیمپ میں شامل کررکھا ہے، جس میں 4 ' کیپرز ' بھی شامل ہیں، انھیں پیر 2 جون تک فیفا کو اپنے حتمی 23 پلیئرز کے نام ارسال کرنے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں