ملک کے بیشترعلاقوں میں گرمی کا راج اسلام آباد میں ہیٹ اسٹروک کا خدشہ

لاڑکانہ اور موئن جو داڑو میں 48 جب کہ تربت، دادو اور نور پور تھل میں درجہ حرارت 47 ڈگری ریکارڈ کیا گیا


ویب ڈیسک May 30, 2018
گرمی کے دوران ہیٹ اسٹروک کے امکانات بہت زیادہ ہیں، ماہرین فوٹو: فائل

ENGLAND: وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں سورج سوا نیزے پر ہے اور شدید گرمی نے معمولات زندگی کو مفلوج کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک بھر میں گرمی اپنا اثر دکھا رہی ہے، سندھ ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں کئی روز سے درجہ حرارت 46 ڈگری سے تجاوز کررہا ہے۔

سندھ میں سب سے زیادہ گرمی لاڑکانہ اور موئن جو داڑو میں پڑی جہاں درجہ حرارت 48 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا، اس کے علاوہ دادو میں 47 ، سکھر 46 جب کہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

بدھ کے روز دن 2 بجے تک تربت بلوچستان گرم ترین علاقہ رہا جہاں پارہ 47 ڈگری تک پہنچا، اس کے علاوہ لسبیلہ میں درجہ حرارت 46 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب میں بدھ کے روز گرمی کے اعتبار سے نور پور تھل 47 ڈگری کے ساتھ سر فہرست رہا، اس کے علاوہ بھکر میں 46 ، کوٹ ادو اور ڈیرہ غازی خان میں 45 جب کہ جہلم اور جوہر آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ اسلام آباد میں پارہ 40 تک پہنچا۔

خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ گرمی ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں میں پڑی جہاں درجہ حرارت 44 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ پشاور میں درجہ حرارت 41 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

اسلام آباد میں بھی ہیٹ اسٹروک کی گھنٹی بج گئی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر اقتدار میں اگلے 10روز سورج خوب آگ برسائے گا۔

ترجمان پمز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گرمی کے دوران ہیٹ اسٹروک کے امکانات بہت زیادہ ہیں، ہیٹ اسٹروک سےبچاؤ کے لئے شہری بلاضرورت باہر نہ نکلیں، شہری افطار سے سحر کے دوران زیادہ سے زیادہ پانی کااستعمال کریں۔ ہیٹ اسٹروک کی علامات بخار، شدید سر درد، جسم کا سرخ اور گرم ہونا شامل ہے، ان علامات کی صورت میں مریض کو فوری طبی امداد دی جانی چاہیے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جب کہ سندھ، پنجاب، ڈی آئی خان، سبی، مکران ڈویژن میں موسم شدید گرم رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں