پی ٹی آئی نے نامزد نگراں وزیراعلیٰ پنجاب ناصر کھوسہ کا نام واپس لے لیا

تحریک انصاف ناصر سعید کھوسہ کے نام سے دستبردار ہوچکی ہے اب دوسرا نام دیا جائے گا، میاں محمود الرشید


ویب ڈیسک May 30, 2018
تحریک انصاف نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے ناصر سعید کھوسہ کے نام سے دستبردار ہوچکی ہے، محمود الرشید۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: پاکستان تحریک انصاف نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے نامزدگی کے بعد ناصر کھوسہ کا نام واپس لے لیا ہے۔

چند روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود الرشید کے درمیان نگراں وزیراعلیٰ کی نامزدگی کے حوالے سے اہم ملاقات ہوئی تھی جس میں ناصر سعید کھوسہ کے نام پر اتفاق کرلیا گیا تھا تاہم اب تحریک انصاف کی جانب سے تحفظات کے بعد نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے ناصر سعید کھوسہ کا نام واپس لے لیا گیا ہے۔

'' ناصر کھوسہ کے نام پر پارٹی میں اتفاق نہیں ہو پایا ''


پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما میاں محمود الرشید نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے نام پر پارٹی میں اتفاق نہیں ہو پایا ہے، اس نام سے تحریک انصاف دستبردار ہوچکی ہے لہذا کچھ دیر بعد نگراں وزیراعلی پنجاب کے لیے نیا نام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے نئے نگران وزیراعلی پنجاب کے امیدوار کے نام کا اعلان کل کیا جائے گا۔
'' پی ٹی آئی غیر سنجیدہ جماعت ہے ''

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نےنگران وزیراعلی پنجاب کےمعاملے پر پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لیا۔ مریم اورنگ زیب نے کہا کہ تحریک انصاف کی جلد بازی کا فائدہ ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کو ہوا جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماقمر زمان کائرہ نے پی ٹی آئی کوغیر سنجیدہ جماعت قراردے دیا۔

'' ناصر کھوسہ کی تعیناتی کی سمری واپس نہیں ہوسکتی ''


ادھر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ناصر محمود کھوسہ کی بطور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب تعیناتی واپسی نہیں ہوسکتی کیوں کہ اس کی سمری محکمہ قانون نے گورنر ہاؤس بھیج دی ہے اور ایک بار سمری گورنر کو ارسال کردی جائے تو واپس نہیں ہوسکتی جب کہ گورنر پنجاب کل رات 12 بجے اس پر دستخط کردیں گے۔

واضح رہے کہ ناصر سعید کھوسہ سپریم کورٹ کے سینئیر جج جسٹس آصف سعید کھوسہ اور سابق ڈی جی ایف آئی اے طارق کھوسہ کے بھائی ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں