قومی ہاکی پلیئرز کی فٹنس جدید جی پی ایس سسٹم سے جانچی جائے گی

یہ ڈیوائس پلیئرز کی دل کی دھڑکن، انرجی لیول اور دیگر معلومات فراہم کرے گی

ہاکی فیڈریشن نے جی پی ایس سسٹم خرید لیا، فوٹو:فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لینے کے لیے جی پی ایس سسٹم خرید لیا۔


چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کیلیے قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں جاری ہے، کھلاڑیوں کی فٹنس پر کام بھی جاری ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے غیرملکی کوچز کی خواہش پر اس سسٹم کو منگوایا ہے، دنیا کی 19 ٹیمیں جی پی ایس استعمال کر رہی ہیں اور پاکستان ٹیم اس ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے والی 20 ویں ٹیم ہوگی۔

50 لاکھ روپے مالیت کے جی پی ایس پلیئر ٹریکنگ اینڈ پرفارمنس سسٹم کے ذریعے میچ یا ٹریننگ کے دوران کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لیا جا سکے گا، ہر کھلاڑی شرٹ کے اندر بیلٹ پہنے گا جس پر جی پی ایس ڈیوائس نصب ہوگی، یہ ڈیوائس پلیئرز کی دل کی دھڑکن، انرجی لیول اور دیگر معلومات فراہم کرے گی جس سے کوچز کھلاڑیوں کی انفرادی پرفارمنس اور صلاحیتوں کے بارے میں بہتر طور پر جان سکیں گے۔
Load Next Story