2014 میں بھی سلور اسکرین پر چھائی رہوں گی کترینہ کیف

نئی فلم’’بنگ بنگ ‘‘کے اعلان کے ساتھ ہی لوکیشنز فائنل کرلی گئیں۔


Showbiz Desk April 24, 2013
کترینہ کیف نے بتایا کہ فلم ’’بنگ بنگ ‘‘میں منفردانداز میں پرفارم کرنے کے لیے مہارت اور خوبی سے کام کررہی ہوں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

بالی وڈ اداکارہ کترینہ کیف نے کہا ہے کہ نئی فلم ''بنگ بنگ'' میں ہریتک روشن کے ساتھ ایک بار جلوہ گرہورہی ہوں ۔

اداکارہ کترینہ کیف نے کہا کہ اس فلم میں منفرد کردار ہوگا ۔گیتوں پر پرفارمنس بھی یادگار ہوگی۔ کترینہ نے اس سے قبل ہریتک کے ساتھ 2011میں فلم ''زندگی ملے گی نہ دوبارہ ''میں کام کیا ۔اداکارہ کترینہ کیف کا کہنا ہے کہ اس فلم میں لیڈی لیڈنگ رول ہے ۔انھوں نے کہا کہ فلم کے اعلان کے ساتھ ہی اس کی شوٹنگز کی تیاریاں ہوگئیں ،لوکیشنز فائنل کرلی گئیں اور فنکاروں کو اسکرپٹ تقسیم کردیے گئے ۔

انھوں نے بتایا کہ فلم ''بنگ بنگ ''میں منفردانداز میں پرفارم کرنے کے لیے مہارت اور خوبی سے کام کررہی ہوں۔ انھوں نے کہا کہ خود کو صرف آئٹم سانگ تک ہی محدود نہیں رکھا اپنی اچھی فلمیں تیزی سے مکمل کررہی ہوں اور 2014میں بھی سلور اسکرین پر چھائی رہوں گی ۔انھوں نے کہا کہ ہریتک روشن کی پرفارمنس بہت عمدہ ہے اور ان کے کام نے بہت متاثر کیا ہے ۔نئی فلم کی باکس آفس پر بھی دھوم مچے گی ۔

قبل ازیں اداکارہ نے بتایا کہ نئی فلم ''دھوم تھری''کے لیے بھی آئٹم سانگ کی پھر شائقین پر دھاک بٹھانے کے لیے تیاری کرلی ۔اس فلم میں خصوصی پرفارمنس کے لیے انتہائی مشکل رقص سیکھنے کے لیے باقاعدہ تربیت بھی حاصل کرنے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جو کئی مہینوں تک محیط ہے۔

28سالہ اداکارہ کترینہ کیف نے کہا ہے کہ ''دھوم تھری'' میں مختلف کردار ہے اس میں آئٹم سانگ کے لیے بڑی محنت کی جارہی ہے اس میں میری پرفارمنس یادگار ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ حال ہی میں ریلیز ہونے والی یش چوپڑا کی آخری فلم میں پرفارم کرنے کا اعزاز ملا ہے،فلم نے باکس آفس پر بھی کامیابی کے ریکارڈ قائم کیے اس کا زبردست رسپانس ملنے پر بہت خوشی ہوئی ہے ۔نئی فلم میں اپنے رقص سے شائقین کو مدہوش کرنے کا ارادہ رکھتی ہوں۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ سیکھنے کا سلسلہ جاری ہے اور فنکار عمر بھر ہی سیکھتا رہتا ہے ۔

نئی فلم کے نئے کردار اور نئے انداز سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے ۔اس فلم میں عامر خان اور میری پرفارمنس ذرا مختلف ہوگی فلم میں اپنے کردار کو خوبی سے نبھانے کی کوشش کررہی ہوں۔ بالی وڈ اداکارہ نے بتایا کہ پہلے تمام آئٹم سانگ سے اس فلم کا آئٹم سانگ مختلف ہوگا اور اس گیت پر میری پرفارمنس بھی شاندار ہوگی جو شائقین کے لیے انتہائی دلچسپی کا باعث بنے گی ۔رواں سال 25دسمبر کو ریلیز ہونے والی فلم بھی کچھ ہٹ کر بنائی گئی ہے اور اس میں بالی وڈ اسٹار عامر خان کا کردار بالکل مختلف ہوگا ،پریتم نے انتہائی دلکش انداز میں اس فلم کے لیے میوزک تیار کرکے دل موہ لیے ہیں۔



انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے خود کو بہت ہی خوش قسمت سمجھتی ہوں اگر اس کا آخری گیت بھی یش جی کی خواہش کے مطابق عکس بند ہوجاتا تو فلم کے یہ لمحے بھی امر ہوجاتے ۔انھوں نے کہا کہ نئی فلم میں میں اب نیا انداز اختیار کررہی ہوں فلم ''دھوم تھری''میں آئٹم سانگ کی تیاری کرلی ہے اس فلم کے لیے آئٹم سانگ کو یادگار بنانے کی ٹھان لی ہے ۔اس میں ایکو ڈانسنگ کرتی ہوئی دکھائی دوں گی یہ نہایت مشکل اسٹائل ہے اور اسے سیکھنے کے لیے ماہرین کی خدمات حاصل کرنا پڑیں ۔انھوں نے بتایا کہاس میں کلاسیکل ڈانسنگ کے ساتھ ایروبیٹکس کا استعمال ہونے کے سبب یہ رقص بہت مشکل ہوگیا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ عامر خان بہت اچھے اداکار ہیں ان کے ساتھ کام کرکے خوشی ہوئی ہے۔ ان کی پرفارمنس بڑی عمدہ ہے اور ان سے بہت متاثرہوں ۔انھوں نے کہا کہ مداحوں کی جانب سے مختلف کردار وں میں پسند کیے جانے پر ان کی ممنون ہوں ۔واضح رہے کہ 16جولائی 1984کو ہانگ کانگ میں پیدا ہونے والی برطانوی شہریت کی حامل اداکارہ کترینہ نے بھارت کا سفر ورک ویزے پر کیا ۔اداکارہ کے کشمیر سے تعلق رکھنے والے بھارتی والد محمد کیف جب کہ ماں انگریز تھیں اور بچپن میں ہی والدین طلاق کے وار سے الگ ہوگئے۔ اداکارہ کے خاندان نے ہانگ کانگ سے چین کا سفر کیا پھر جاپان چلے گئے اور وہاں سے بھی جب کترینہ کی عمر صرف آٹھ برس کی تھی فرانس منتقل ہوگئے ۔

پھرکچھ مہینے یورپ کے کچھ شہروں میں مقیم رہے۔ کترینہ کے اہل خانہ ہوائی میں بھی قیام پذیر ہوئے اور وہاں سے بالاآخر اپنی ماں کے آبائی ملک برطانیہ منقل ہوگئیں۔کترینہ کا بھارت آنے سے قبل لندن میں قیام صرف تین برس ہی رہا۔ تاہم ماں کی وجہ سے انھیں شہریت ملی اور سمجھا یہی جاتا ہے کہ کترینہ لندن میں پیدا اور جوان ہوئیں ۔اسی تناظر میں کترینہ کے کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی کے بارے میں ان کے اس بیان جسمیں انھوں نے راہول گاندھی کو آدھا ہندوستانی قرار دیا پر ایک نئی سیاسی بحث بھی چھڑی اور آخر کار اداکارہ کو معذرت کرنا پڑی۔

کترینہ کیف کی پہلی فلم ''بوم بوم'' 2003میں ریلیز ہوئی جس نے باکس آفس پر کامیابی حاصل کرلی۔ اداکارہ نے کئی فلموں میں آئٹم سانگ کرکے اپنے فن کی دھاک بٹھائی۔ کئی بار فلم فیئرایوارڈز کے لیے نامزدگی ہوئی۔ اب اداکارہ کی نئی ایکشن فلم ''دھوم تھری ''مکمل کی جارہی ہے جب کہ اس کے ساتھ ہی ان کی ایک اور ریمیک فلم بھی ریلیز کے لیے تیار ہے جب کہ نئی فلم ''بنگ بنگ ''کی شوٹنگ کئی ممالک میں ہو رہی ہے یہ فلم بھی 2014 میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں