الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018 کا شیڈول جاری کردیا

شیڈول کے مطابق 2 سے 6 جون تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکیں گے۔


ویب ڈیسک May 31, 2018
فوج کی تعیناتی سے متعلق حتمی فیصلہ نہیں ہوا،سیکرٹری الیکشن کمیشن،فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2018 کے شیڈول کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے الیکشن شیڈول جاری کرتے ہوئے بتایا کہ عام انتخابات 25 جولائی 2018 کو ہوں گے اور تمام صوبائی و قومی اسمبلی کے حلقوں میں پولنگ 25 جولائی کو ہوگی۔

شیڈول کے مطابق 2 سے 6 جون تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکیں گے، امیدواروں کی عبوری فہرست 7 جون کو جاری ہوگی اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 14 جون تک کی جائِے گی جب کہ امیدوار ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف 19 جون تک اپیلیں دائر کرسکیں گے جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست 27 جون کو شائع کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے، صدر مملکت نے منظوری دیدی

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ امیدوار 28 جون تک کاغذات واپس لے سکیں گے جس کے بعد امیدوارں کو 29 جون کو انتخابی نشان الاٹ کئے جائیں گے۔

بعدازاں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابی شیڈول جاری کرنا آئینی تقاضہ ہے اور ہمیں کسی بھی ادارے نے انتخابی شیڈول جاری کرنے سے نہیں روکا، بیلٹ پیپر کا کاغذ فرانس اور برطانیہ سے منگوایا ہے، آدھا کاغذ کراچی اور آدھا اسلام آباد میں آئے گا جب کہ فوج کی تعیناتی سے متعلق حتمی فیصلہ نہیں ہوا، نگراں حکومتیں آنے کے بعد ان سے مشاورت کی جائے گی البتہ بیلیٹ پیپر فوج کی نگرانی میں چھاپے جائیں گے۔

واضح رہے کہ صدر مملکت ممنون حسین نے 25 جولائی کو ملک بھر میں عام انتخابات کرانے کی منظور دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں