انڈر14 فٹبال پاکستان نے ترکمانستان کو آؤٹ کلاس کر دیا

ماجد وشاہد نے2,2 ،سیف علی اور جنیدنے1،1بار گیندکو جال کی راہ دکھائی،بارش کے سبب مقابلہ کچھ دیر رکا رہا۔


Sports Desk April 25, 2013
ماجد وشاہد نے2,2 ،سیف علی اور جنیدنے1،1بار گیندکو جال کی راہ دکھائی،بارش کے سبب مقابلہ کچھ دیر رکا رہا۔ فوٹو: فائل

پاکستانی ٹیم نے اے ایف سی انڈر14کوالیفائنگ رائونڈ کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے ترکمانستان کو6گول سے آئوٹ کلاس کردیا، ماجد خان اور محمد شاہد نے2,2 جبکہ سیف علی اور جنید خان نے ایک،ایک بارگیندکو جال کی راہ دکھائی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ایرانی شہر مشہد کے ثمن الایمن اسٹیڈیم میں ترکمانستان کیخلاف میچ کے آغاز سے ہی گرین شرٹس نے جارحانہ اندازاپنایا، اسٹرائیکر محمد شاہد نے چوتھے منٹ میں خوبصورت فیلڈ گول داغتے ہوئے ٹیم کو برتری دلادی، جنید خان نے25 ویں منٹ میں گیند کو جال کی راہ دکھا کر سبقت کو دگنا کردیا، ڈیفینڈر سیف علی نے35 ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے مقابلہ 3-0 کر دیا، پہلے ہاف کے اختتام تک اسکور یہی رہا، دوسرے ہاف کا آغاز بھی دھواں دار انداز میں ہوا اوراسٹرائیکر ماجد خان نے یکے بعد دیگرے 2گول کرتے ہوئے حریف سائیڈ کو مکمل طور پر بے بس کردیا۔

اسٹرائیکر محمد شاہد نے میچ ختم ہونے سے چند منٹ پہلے گول کرتے ہوئے ترکمانستان کے کھلاڑیوں کو مکمل طور پر بے بس کردیا اور یکطرفہ مقابلے میں پاکستان کو بڑے مارجن سے فتح دلادی،دوسرے ہاف کے دوران بارش نے تھوڑی دیر خلل ڈالا مگر جلد ہی مقابلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔ ایران میں پاکستان ٹیم کو مقامی تماشائیوں کی بھی بھرپور حمایت حاصل تھی۔ دریں اثنا پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر مخدوم فیصل صالح حیات نے فتح پر نوجوان کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو مبارکباد دی ہے، انھوں نے کہا کہ ٹیم آئندہ میچز میں بھی بہترین حکمت عملی سے یکجا ہوکر کھیلی تو ایونٹ اپنے نام کرلے گی۔



سیکریٹری فیڈریشن نے بھی جونیئر پلیئرز کی تعریف کرتے ہوئے فتح کو قوم کیلیے خوش آئند قرار دیا ہے۔دریں اثنا بدھ کو دوسرے مقابلے میں بھارت نے کرغزستان کیخلاف4-1 سے آسان فتح سمیٹی۔ پہلے ہاف میں بلو شرٹس نے میچ کو مکمل طور پر اپنی گرفت میں رکھا اور3-1 سے برتری قائم کی۔ وقفے کے بعد بھارت نے ایک اور گول کرتے ہوئے مقابلہ4-1 سے اپنے نام کرلیا۔

فاتح ٹیم کی جانب سے ڈیفینڈر انور، مڈفیلڈر ابھیجیت، فارورڈ ابو طاہر اور کھومانتم گول اسکورر رہے،کرغزستان کا واحد گول ملائسووک عظمت نے کیا۔ یاد رہے کہ منگل کو ایونٹ کے افتتاحی روزمیزبان ایران نے بھارت کو 3-1 سے ہرایا تھا جبکہ ترکمانستان اور کرغزستان کا مقابلہ ایک ایک گول سے برابری پر اختتام پذیر ہوا۔ پاکستان ٹیم اپنا اگلا میچ جمعے کوکرغزستان کیخلاف کھیلے گی۔ گرین شرٹس28 اپریل کو روایتی حریف بھارت اور 29تاریخ کو میزبان ایران کے مقابل آئیں گے

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں