بنگلہ دیش میں ویمنزکبڈی میچ کے دوران ’’ریسلنگ‘‘

مارپیٹ میں میچ آفیشلز سمیت دونوں ٹیموں کی کئی پلیئرز بھی زخمی ہوگئیں۔


Sports Desk April 25, 2013
مارپیٹ میں میچ آفیشلز سمیت دونوں ٹیموں کی کئی پلیئرز بھی زخمی ہوگئیں. فوٹو: اے ایف پی

بنگلہ دیش میں ویمنز کبڈی کے فائنل میں ''ریسلنگ'' شروع ہو گئی۔

مارپیٹ میں میچ آفیشلز سمیت دونوں ٹیموں کی کئی پلیئرز بھی زخمی ہوگئیں، بنگلہ دیش اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل سید شہزاد رضا نے اس تمام ہولناک واقعے کا بطور مہمان خصوصی مشاہدہ کیا، بی او اے نے فیڈریشن کی ڈسپلنری کمیٹی سے واقعے کی رپورٹ تین یوم میں طلب کرتے ہوئے ذمہ داروں کیخلاف سخت ایکشن لینے کا عندیہ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق 8ویں بنگلہ دیش گیمز میں انصار کیخلاف ویمنز کبڈی کے فائنل میں ریفری نے بی جے ایم سی کو19-16 سے فاتح قرار دے دیا،اس پر ناکام سائیڈکے گیلری میں موجود مرد ساتھی پلیئرز بھی گراؤنڈ میں آگئے، پہلے تو آفیشلزسے احتجاج کیا گیا اور بعد میں حالات قابو سے باہر ہوگئے اور مارپیٹ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

یہ تمام کچھ بنگلہ دیش اولمپک ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری سید شہزاد رضا ، گیمز کی اسٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین ہارون الرشید اور بنگلہ دیش کبڈی فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری نذرالاسلام کے سامنے ہوا، پورے میچ کے درمیان دونوں ٹیموں کے درمیان تناؤ کی فضا رہی لیکن فائنل وسل کے بعد چنگاری بھڑکدار آگ میں تبدیل ہوگئی۔



بی جے ایم سی کی کپتان شاہین آرا برشتی کے مطابق فائنل وسل کے بعد انصار کی کھلاڑیوں نے ہم پر ہلہ بول دیا، جس کے بعد گیلری سے ان کے مزید ساتھی بھی میدان میں آگئے اور ریفری کو بھی مارنا شروع کردیا،انصار کی کپتان شہناز پروین کا دعویٰ ہے کہ حالات اس وقت خراب ہوئے جب امپائر رفیق الاسلام، امجدحسین اور ریفری اصغر علی نے ہمیں جائز پوائنٹس نہیں دیے، ہمارے بجائے ریفری نے یہ پوائنٹس حریف ٹیم کو ایوارڈ کردیے، اگر وہ پوائنٹس ہمیں مل جاتے تو مقابلہ برابری کی سطح پر آجاتا۔

ہم نے اس پر احتجاج کیا لیکن ریفری نے ہماری بات سننے کے بجائے میچ ختم ہونے کی وسل بجادی، ہم نے جب اس معاملے پر احتجاج کیا تو بی جے ایم سی کے کھلاڑیوں نے ہم پر حملہ کردیا، سرپر چوٹیں کھانے والے امپائر رفیق الاسلام نے کہاکہ ہم نے میچ ایمانداری سے سپروائز کیا تاہم ہارنے پر انصار کے پلیئرز نے مارپیٹ کرکے ہم پر اپنا غصہ نکالا،کپتان شہناز نے الزام لگایا کہ بنگلہ دیش کبڈی فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری نذرالاسلام نے سازش کے ذریعے بی جے ایم سی کو یہ گولڈ میڈل دلایا، فیڈریشن ہمارے ساتھ بُرا سلوک کرتی ہے، نذرالاسلام کا کہنا ہے کہ ریفرئنگ غیرجانبدارانہ تھی اور انصار کے پلیئرز ہارنے پر اپنے جذبات قابو میں نہیں رکھ پائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں