ہیڈنگلے ٹیسٹ انگلش کرکٹرز کی نوکریاں داؤپر لگ گئیں

پرفارم نہیں کیا تو ڈریسنگ روم نئے پلیئرز کا خیرمقدم کررہا ہوگا،کک کی وارننگ


Sports Desk June 01, 2018
پرفارم نہیں کیا تو ڈریسنگ روم نئے پلیئرز کا خیرمقدم کررہا ہوگا،کک کی وارننگ۔ فوٹو: فائل

پاکستان سے دوسرے ٹیسٹ میں انگلش کرکٹرز کی نوکریاں داؤپر لگ گئیں۔

انگلش اوپنر الیسٹر کک نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ اپنی موجودہ فارم کو تبدیل کرنے میں ناکام رہے تو پھر انگلینڈ کا ڈریسنگ روم اپنے نئے مہمانوں کو خوش آمدید کہہ رہا ہوگا۔ انھوں نے تسلیم کیا کہ اس وقت انگلش ٹیم اچھا نہیں کھیل رہی اور وہ یہ بات بھی جاتنے ہیں کہ انھیں ہیڈنگلے میں اپنے آخری تینوں ٹیسٹ میچز میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے، جہاں پر اب جمعے سے پاکستان کے خلاف دوسرا اور آخری ٹیسٹ شروع ہورہا ہے۔

کک کہتے ہیں کہ ہمیں بہتر کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہم سب کا کرکٹ مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے، شکست کبھی بھی اچھی چیز نہیں ہوتی اور جس طرح ہم نے لارڈز میں کھیلا وہ تو انتہائی مایوس کن تھا، یہ وقت ہمارے لیے فرسٹریشن سے بھرپور ہے، ہم وکٹ پر زیادہ دیر قیام کرہی نہیں رہے ہیں۔

انگلش اوپنر نے کہا کہ ہمیں ایک گروپ کی طرح میں باہم یکجا ہونے کی ضرورت ہے اور اس کیلیے ہمیں لارڈز ٹیسٹ کی منفی چیزوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا، اس کے ساتھ میں یہ پھر یہ کہنا چاہوں گا کہ عمل کرنے سے باتیں کرنا زیادہ آسان ہوتا ہے، یہ بات تو واضح ہے کہ ہم ہمیشہ ہار نہیں سکتے، ہمیں فوری طور پر اس روش کو تبدیل کرنا ہوگا۔

الیسٹرکک نے اپنے ساتھی اوپنر مارک اسٹونمین کے ڈراپ ہونے پر مایوسی ظاہر کی تاہم ان کے متبادل کیٹن جیننگز کی صلاحیتوں پر اعتماد کا بھی اظہار کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن بھی اپنے ساتھی کھلاڑیوں پر زور دے چکے ہیں کہ وہ پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں اچھی پرفارمنس سے ناقدین کا منہ بند کردیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اور اسٹورٹ براڈ مجموعی طور پر 950 ٹیسٹ وکٹیں لے چکے اور ہیڈنگلے میں بھی اپنا کردار ادا کرنے کو مکمل طور پر تیار ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں