کراچی ٹارگٹ کلنگ متحدہ کے کارکن اور پولیس اہلکاروں سمیت 4 ہلاک

متحدہ کا کارکن نارتھ کراچی ،پولیس اہلکار سلطان آباد اور سہراب گوٹھ جبکہ لانڈھی میں نوجوان قتل


Staff Reporter April 25, 2013
متحدہ کا کارکن نارتھ کراچی ،پولیس اہلکار سلطان آباد اور سہراب گوٹھ جبکہ لانڈھی میں نوجوان قتل. فوٹو: فائل

KARACHI: شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں متحدہ قومی موومنٹ کا ایک کارکن اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت4 جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق خواجہ اجمیر نگری کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 3 میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے35 سالہ عمران قریشی جاں بحق ہوگیا۔ ڈی ایس پی خواجہ اجمیر نگری چوہدری اختر نے بتایا کہ جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے 10خالی خول ملے ہیں ۔

جبکہ مقتول متحدہ قومی موومنٹ کا سرگرم کارکن اور سابقہ جوائنٹ یونٹ انچارج تھا ، سہراب گوٹھ کے علاقے جنجھار گوٹھ میں موٹر سائیکل گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے موٹر سائیکل پر سوار 2 مشتبہ افراد کو دیکھ کر انھیں رکنے کا اشارہ کیا کہ اس دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اے ایس آئی 45 سالہ گل محمد موقع پر جاں ہوگیا ۔



جبکہ پولیس اہلکار سومار شدید زخمی ہوگیا، منگھوپیر کے علاقے سلطان آباد میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل 45 سالہ عتیق ولد شفیق جاں بحق ہوگیا ، پولیس کے مطابق مقتول گارڈن ہیڈ کوارٹر ایم ٹی میں ڈرائیور تعینات تھا جو ڈیوٹی کرنے کے بعد سادہ لباس میں اپنے گھر سلطان آباد جا رہا تھا کہ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کا نشانہ بن گیا ۔قائد آباد کے علاقے لانڈھی مجید کالونی گلبہار چوک کے قریب تھلے پر بیٹھے ہوئے 2 افراد پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 25 سالہ یوسف ہلاک جبکہ نور اﷲ زخمی ہوگیا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں