صدر زرداری کا الطاف حسین کو فون کارکنوں کی شہادت پر تعزیت

دونوں رہنماؤں نے ملکی صورتحال، دہشت گردی کے واقعات اور الیکشن پر تبادلہ خیال کیا


Express Desk April 25, 2013
دونوں رہنماؤں نے ملکی صورتحال، دہشت گردی کے واقعات اور الیکشن پر تبادلہ خیال کیا. فوٹو: فائل

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بدھ کی شب متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور پیپلز چورنگی کراچی میں بم دھماکے میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کی شہادت پر دلی تعزیت کی۔ صدر زرداری نے جاں بحق کارکنوں کے ایصال ثواب کیلیے دعا بھی کرائی۔

جس پر الطاف حسین نے ان کا شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماؤں نے گفتگو کے دوران تازہ ترین ملکی صورتحال، دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی۔گفتگو کے دوران صدر نے کہا کہ روشن خیال اور اعتدال پسند قوتوں کے درمیان اتحاد، اتفاق ضروری ہے۔ الطاف حسین نے صدر مملکت کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اگر ملک کی روشن خیال اور اعتدال پسند قوتیں متحد نہ ہوئیں تو پھر خدانخواستہ پاکستان کا حال بھی صومالیہ جیسا نہ ہو۔



انھوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورت حال اس بات کی متقاضی ہے کہ صرف اعتدال پسند جماعتیں ہی متحد نہ ہوں بلکہ اس ضمن میں عوام بھی اپنا کردار ادا کریں کیونکہ ماضی میں جہاں جہاں انتہا پسندوں کا قبضہ ہوا وہاں عوام بالخصوص خواتین کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ تاریخ کی کتابوں میں محفوظ ہے۔دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اعتدال پسند قوتیں اختلافات کے باوجود انتہا پسندوں کیخلاف قربانیاں دیتی رہی ہیں اور آئندہ بھی دیتی رہیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں