تحریک انصاف کا ایک اور یوٹرن نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے ناموں میں تضاد

محمودالرشید نے اوریا مقبول جان اور یعقوب طاہر اظہار جب کہ فواد چوہدری نے ایازامیر کا نام دیا ہے


ویب ڈیسک June 01, 2018
پی ٹی آئی کی جانب سے اسپیکر رانا اقبال کو مزید 3 نام دے دیئے گئے،فوٹو:ایکسپریس

پنجاب اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر محمود الرشید نے دو نئے نام اوریامقبول جان اور یعقوب طاہر اظہار دیئے جب کہ پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے اوریا مقبول جان کا نام ہٹا کر ایازامیر کو نامزد کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری کے لئے اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال اور سابق اپوزیشن لیڈرمحمودالرشید کی ملاقات ہوئی اور پی ٹی آئی کی جانب سے اسپیکر رانا اقبال کو مزید دو نام دے دیئے گئے تاہم کسی پر اتفاق نہ ہوسکا۔

ملاقات کے بعد پی ٹی آئی کے میاں محمود الرشید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے اوریا مقبول جان اور یعقوب طاہر اظہار کے نام دئیے ہیں، ملاقات میں طے ہوا ہے کہ اتوار تک معاملے کو طے کرلیں گے اور جو نام دئیے ہیں کسی ایک پر اتفاق کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت انتخابات کا انعقاد بہت ضروری ہے اور ہم سب کا بھی اتفاق ہے کہ انتخابات 60 دن کے اندر شیڈول کے تحت ہوں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے مزید دو نام

دوسری جانب تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے پنجاب اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر محمود الرشید کے ناموں سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری جماعت کی جانب سے پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کے لئے 3 نام حتمی ہیں جن میں حسن عسکری، ایازامیر، یعقوب طاہر اظہار شامل ہیں۔



نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے پارٹی رہنماؤں کے درمیان ہی اختلاف کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بذات خود میدان میں آئے اور انہوں نے محمود الرشید سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس کے بعد میاں محمود الرشید نے میڈیا کو بتایا کہ ہم اوریا مقبول جان کے نام پر بھی قائم ہیں اور مجموعی طورپر چار نام دے رہے ہیں، تحریک انصاف نے ایاز امیر کا نام چوتھے نام کے طور پرتجویز کیاہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں