لوڈشیڈنگ کا مسئلہ قومی سوچ سے ہی حل ہوگاسیٹھی

اے پی این ایس کے وفد سے ملاقات میں اخباری صنعت کو درپیش مسائل پر بات چیت


Numainda Express April 25, 2013
اے پی این ایس کے وفد سے ملاقات میں اخباری صنعت کو درپیش مسائل پر بات چیت. فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ عوام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مسائل کا سامنا ہے۔

عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلیے مخلصانہ کاوشیں کررہے ہیں، یہ ایک قومی مسئلہ ہے اور اسے قومی سوچ سے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ ایوان وزیراعلیٰ میںآل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدر سرمد علی کی قیادت میں عہدیداروں کے وفد سے ملاقات کے دوران انھوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا بوجھ ہمیں مل بانٹ کر برداشت کرنا ہے، اس مسئلے کے حل کیلیے قومی مفاد کو سامنے رکھ کر فیصلے کرنا ہوں گے۔ لوڈشیڈنگ کے باعث عوام بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ زراعت وصنعت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں نے ذاتی طور پر لوڈشیڈنگ میں کمی کے حوالے سے نہ صرف حکومتی سطح پر موثر اقدامات اٹھائے ہیں بلکہ صدر پاکستان سے بھی اس حوالے سے ملاقات کی ہے،

ملاقات میں اخباری صنعت کو درپیش مسائل، انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسائل پر بات چیت ہوئی۔ سیکریٹری اطلاعات امجد حسین بھی ملاقات میں موجود تھے۔ نجم سیٹھی نے کہاکہ انتخابات کا پرامن انعقاد یقینی بنانے کیلیے امن وامان کی صورتحال کی24 گھنٹے مانیٹرنگ کررہے ہیں، انھوں نے کہاکہ عام آدمی کے مسائل دیکھ کر دکھ ہوتا ہے اور دل چاہتا ہے کہ ان کیلیے کچھ نہ کچھ کیا جائے۔ نگران حکومت کی اولین ترجیح عام انتخابات کا پرامن ، شفاف، غیرجانبدارانہ اور منصفانہ انعقاد ہے، ہم اس ضمن میں تمام ضروری اقدامات کررہے ہیں۔

اے پی این ایس کے وفد نے کہاکہ نجم سیٹھی کی بطور وزیراعلیٰ تعیناتی پر کسی سیاسی جماعت نے اعتراض نہیں کیا جو ان کی غیر جانبدار شخصیت اور اعلیٰ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ عوام کو لوڈشیڈنگ میں ریلیف کی فراہمی اور انتخابات کے پرامن و شفاف انعقاد کی قومی ذمہ داری میں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال سے ملاقات میں نجم سیٹھی نے کہاکہ پاکستان اور بھارت ہمسایہ ممالک ہیں ۔ دونوں ملکوں کو اچھے ہمسائے کی طرح رہنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔ پاکستان اور بھارت کو اپنے تمام تنازعات مل بیٹھ کر بامقصد بات چیت کے ذریعے طے کرنے چاہئیں۔ دونوں ملکوں کو دو طرفہ تجارت بڑھانے کیلیے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ مسائل میں اضافے کا سبب بنتی ہے۔ دریں اثنا نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی بھی صدارت کی جس میں مختلف امور پر غور کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں