چیمپئنز ٹرافی پاکستانی کپتان نے کامیابی کا عزم ظاہر کر دیا

آخری ایڈیشن جیت کرتاریخ رقم کرنا چاہتے ہیں، رضوان سینئر


نبیل طاہر June 02, 2018
آخری ایڈیشن جیت کرتاریخ رقم کرنا چاہتے ہیں، رضوان سینئر۔ فوٹو: سوشل میڈیا

چیمپئنز ٹرافی کیلیے منتخب پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد رضوان سینئر نے رواں ماہ شروع ہونے والے ایونٹ میں کامیابی کا عزم ظاہر کردیا۔

رضوان سینئر نے کہا کہ ہم ایونٹ کا پہلا ایڈیشن جیتے ہیں اور اب آخری ٹرافی بھی جیتنے کی صورت میں تاریخ میں نام درج کراسکتے ہیں، ہم نے گذشتہ ماہ سے سخت محنت کو اپنا شعار بنارکھا ہے اور ہماری زیادہ تر توجہ فٹنس پر بھی ہوگی، ہم سب چاہتے ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی کا یہ آخری ایڈیشن بھی اپنے نام کرلیں۔

''ایکسپریس ٹریبیون'' سے گفتگو میں قومی کپتان نے مزید کہا کہ اصلاح الدین اولین چیمپئنز ٹرافی کی فاتح پاکستانی ٹیم کے کپتان رہے ہیں اور اب بطور کپتان اس بار بھاری ذمے داری میرے کندھوں پر ہوگی، حکام نے مجھے اس ایونٹ میں قومی ٹیم کی باگ ڈور سونپی ہے، ہم انھیں مایوس کرنا نہیں چاہتے، ایونٹ میں ہمارا سامنا دنیا کی ٹاپ 5 سائیڈز سے ہوگا لیکن ہم انھیں ٹف ٹائم دینے کیلیے خاصے پُراعتماد ہیں۔

رضوان سینئر نے کہا کہ ٹیم کی ٹریننگ کا پہلا مرحلہ ایبٹ آباد میں منعقد ہوا تھا جہاں کھلاڑیوں کی فٹنس پر بھرپور توجہ دی گئی جبکہ کیمپ کا دوسرا مرحلہ کراچی کے عبدالستار ایدھی اسٹیڈیم میں منعقد ہوا جس میں ٹیم نے یکجا ہوکر گیم پلے کو بہتر بنانے پر محنت کی ہے، تیسرے مرحلے پر کیمپ نیدرلینڈز میں منعقد کیا جائے گا جس میں ایونٹ کے لیے حتمی 18 پلیئرز شرکت کریں گے۔

رضوان سینئر نے مزید کہا کہ ہمارا فٹنس لیول اب بہت بہتر ہوچکا ہے ، حالیہ دنوں میں منعقدہ انٹرنیشنل ایونٹس میں ہمیں کچھ فٹنس مسائل کا سامنا رہا تھا ، ہماری پرفارمنس کو متاثر کرنے کا یہ بھی ایک عنصر تھا، ہمارے نئے کوچ اور فٹنس ٹرینر نے انفرادی طور پر ہر پلیئر کو مدد فراہم کی تاکہ وہ اپنا بہترین فٹنس لیول حاصل کرپائے۔

دوسری جانب ٹیم منیجر حسن سردار کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن پنالٹی کارنر اور گول کیپنگ کوچ کی خدمات نیدرلینڈز میں حاصل کرلے گی جہاں ٹیم کی تربیت کا تیسرا مرحلہ منعقد ہوگا، ہمارے پاس پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ مبشر علی موجود ہے، جس نے حالیہ دنوں میں اچھا پرفارم کیا، ہم نے تجربہ کار علیم بلال کوشامل کرکے اپنے گول کرنے کی استعداد کو بہتر بنایا ہے، ہم ان فارورڈز کومواقع کو گول میں تبدیل کرنے میں مہارت دلانے پر کام کریں گے۔

حسن سردار نے مزید بتایا کہ نیدرلینڈز میں قومی ٹیم 5 پریکٹس میچز کھیلے گی، جس میں تین آسٹریا کیخلاف ہوں گے، ایک نیدرلینڈز کی ٹیم سے جبکہ دو مقامی سائیڈز مدمقابل آئیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں