ڈھاکا میں 8 منزلہ عمارت گرنے سے ہلاک افراد کی تعداد 250 ہوگئی

حادثے میں 1000سے زائد افراد زخمی ہوئے جس وقت حادثہ پیش آیا اس وقت عمارت میں 2000سے زائد افراد موجود تھے


/ April 25, 2013
درجنوں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کی کوششیں جاری ہیں، ریسکیوذرائع فوٹو: رائٹرز

بنگلہ دیش کےدارالحکومت میں 8 منزلہ عمارت گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 250 ہو گئی ہے جب کہ متاثرہ فیکٹری کا ملبہ ہٹانے کا کام اب بھی جاری ہے۔

حادثہ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے مضافاتی علاقے میں پیش آیا جہاں ایک آٹھ منزلہ عمارت مکمل طور پر زمین بوس ہو گئی، واقعے میں 1000 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جن کو مختلف اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، حادثے کے وقت تقریباً 2000 افراد عمارت کے اندر موجود تھے، حکام کے مطابق عمارت کے مالکان روپوش ہوگئے ہیں اور عمارت ناقص اور پرانی ہونے کی وجہ سے منہدم ہوگئی۔


ریسکیو اہلکاروں کے مطابق اب بھی درجنوں افراد ملبے تلے دبے ہیں، جنہیں نکالنے کی کوششیں جاری ہیں،ریسکیو کاموں میں مدد کےلیے فوج کو بھی طلب کر لیا گیا ہے.


بدقسمت عمارت میں 4 فیکٹریاں قائم تھیں جن سے 6000 خاندانوں کا روزگار وابستہ تھا،اس عمارت کی تباہی سے ناصرف بے شمار انسانوں کی زندگی کا چراغ گل ہو گیا وہیں ہزاروں گھروں کے چولھے بھی ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔


واضح رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں کپڑوں کی ایک فیکٹری میں آگ لگ گئی تھی جس میں کم از کم 110 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جب کہ دارالحکومت ڈھاکا میں ہی 2010 میں ایک چار منزلہ عمارت کے منہدم ہونے کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں