نواز شریف نے لوٹ مار میں ہمیشہ آصف زرداری کی مدد کی عمران خان

آصف زرداری اور نواز شریف اوپر سے نورا کشتی کرتے ہیں اور اندر سے بھائی بھائی ہیں، عمران خان


ویب ڈیسک April 25, 2013
ملک میں ایسا نظام لانا چاہتے ہیں جس سے ملک میں کرپشن ختم ہو، چئیرمین تحریک انٓصاف۔ فوٹو :فائل

ISLAMABAD: تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے مال بنانے میں ہمیشہ آصف زرداری کی مدد کی، شریف برادران اپنی مقبولیت کے جعلی سروے کراتے رہیں اب عوام فیصلہ کر چکے ہیں اور 11 مئی کو شریف برادران کی وکٹ میری پہلی گیند پر ہی اڑ جائے گی۔

پاک پتن میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران انہوں نے شہبازشریف کو''شوباز شریف'' کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاک پتن میں جلسے کی کوشش کی جو ناکام ہوگئی کیونکہ میاں برادران سے پٹواریوں کے بغیر جلسہ نہیں ہوتا۔ پنجاب کے عوام انہیں 5،5 بار باریاں دے چکے ہیں اور اب چھٹی باری بھی مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سیاسی قائد ٹی وی پر مناظرے کے لئے آتے ہیں لیکن پاکستان میں ایسا نہیں ہوتا، وہ بار بار نواز شریف کو مناظرے کی دعوت دے رہے ہیں لیکن نواز شریف تھوڑے بزدل ہیں وہ ڈرتے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا زرداری صاحب تو اقتدار میں لوٹ مار ہی کے لئے آئے تھے لیکن شریف برادران نے لوڈ شیڈنگ کے لئے کیا کیا۔ 18 ،18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دو بھر کردیا ہے۔ بے روزگاری عام ہے، ٹیوب ویل بند پڑے ہیں لیکن شوباز شریف کو تو شوبازی کرنی تھی۔ 70 ارب روپے جنگلہ بس منصوبے میں لگائے گئے اگر اس رقم کو بجلی کی پیداوار پر لگایا جاتا تو صوبے کے عوام کو آج لوڈ شیڈنگ کا عذاب برداشت نہ کرنا پڑتا۔

عمران خان نے کہا کہ شریف برادران ان پر الزام لگاتے ہیں کہ وہ اور آصف زرداری ملے ہوئے ہیں، اگر تحریک انصاف کو ووٹ دیا تو زرداری صاحب پھر اقتدار میں آجائیں گے۔ حقیقت میں آصف زرداری اور نواز شریف اوپر سے نورا کشتی کرتے ہیں اور اندر سے بھائی بھائی ہیں، مال بنانے میں نواز شریف نے ہمیشہ آصف زرداری کی مدد کی۔ پنجاب میں ساڑھے 3 سال ساتھ رہے اور بلوچستان میں 5 سال اکٹھے حکومت کی۔ جب بھی صدر زرادری پر برا وقت آیا تو نواز شریف نے ان کا ساتھ دیا۔ آصف زرداری کے لیے نوازشریف کا بیان ہے کہ اگر پیپلز پارٹی بھی انہیں چھوڑ دے تو وہ ان کا ساتھ دیں گے ۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ ایسا نظام لانے والے ہیں جس سے ملک میں کرپشن کا خاتمہ ہوجائے گا کیونکہ کرپشن ہی تمام برائیوں کی جڑ ہے اس پر قابو پالیا تو ملک میں اتنی دولت آئے گی کہ بیرون ملک سے لوگ یہاں روزگار کے لئے آئیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں