چیمپئنز ٹرافی بلند حوصلہ قومی ہاکی ٹیم کی ہالینڈ روانگی

کامیابی کا امکان پانچ فیصد سے بھی کم ہے،کارکردگی میں بہتری آگئی، نتائج کا انحصار قسمت پر ہوگا،منیجر

کامیابی کا امکان پانچ فیصد سے بھی کم ہے،کارکردگی میں بہتری آگئی، نتائج کا انحصار قسمت پر ہوگا،منیجر۔ فوٹو: فائل

WASHINGTON DC:

چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے بلند حوصلہ پاکستان ہاکی ٹیم ہالینڈ روانہ ہوگئی۔


غیرملکی ہیڈ کوچ نے سچائی کے ساتھ اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ ایونٹ میں قومی ٹیم کی کامیابی کا امکان پانچ فیصد سے بھی کم ہے، ٹیم منیجر اولمپئن حسن سردار کا کہنا ہے کہ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئی لیکن نتائج کا انحصار قسمت پر ہوگا۔

ایف آئی ایچ چیمپئنزٹرافی 23 جون سے ہالینڈ کے شہر بریڈا میں کھیلی جائے گی، رضوان سینئیر ایونٹ میں22 رکنی قومی اسکواڈ کی قیادت کررہے ہیں جبکہ عماد شکیل بٹ نائب کپتان کی ذمہ داری ادا کریں گے، حتمی18رکنی اسکواڈ کا اعلان ٹرافی سے قبل کیا جائیگا ، ہالینڈ روانہ ہونے والے 22کھلاڑی تیسرے مرحلے میں ایمسٹرڈم میں تربیت میں شرکت کریں گے، جس کیلیے ڈچ گول کیپنگ کوچ کے ساتھ پنالٹی کارنز کے ایکسپرٹ مقامی کوچ کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

ایونٹ سے قبل قومی ٹیم پانچ پریکٹس میچز میں بھی شرکت کرکے خود کو ٹرافی کے مقابلوں کے لیے تیار کرنے کی کوشش کرے گی، چیمپئنز ٹرافی میں ارجنٹائن،آسٹریلیا، بیلجیئم، بھارت اور ہالینڈکی مضبوط ٹیمیں بھی شرکت کر رہی ہیں ، افتتاحی میچ میں پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کے خلاف23 جون کو مدمقابل ہو گی، 24 جون کو پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

26 جون کو گرین شرٹس ہالینڈ کے خلاف ایکشن میں دکھائی دیں گے، 28 جون کو پاکستان کا مقابلہ ارجنٹائن کے ساتھ ہوگا جبکہ میگا ایونٹ کے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں پاکستانی ٹیم 29 جون کو بیلجیئم سے نبرد آزما ہوگی۔


یکم جولائی کو چیمپئنز ٹرافی کے پوزیشن میچز سمیت ایونٹ کی چیمپئن ٹیم کا بھی فیصلہ ہوگا، چیمپئنز ٹرافی کے لیے قومی ٹیم ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اتوار کو کراچی سے ہالینڈ کیلیے روانہ ہوئی، ٹرافی کے لیے عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی پر جاری قومی تربیتی کیمپ کا دوسرا مرحلہ جمعے ہی کو مکمل ہوگیا تھا، ہفتے کو کھلاڑیوں نے ہوٹل کے جم میں فزیکل ٹریننگ کی۔

ایونٹ پر روانگی سے قبل ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ رولینٹ اولٹمنز نے بلند بانگ دعوے کرنے سے اجتناب برتا، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم ابھی تشکیل کے مرحلے سے گزر رہی ہے، وکٹری اسٹینڈ پر پہنچنے کی باتیں قبل ازوقت ہیں، ٹیم بتدریج بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے اور کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ ان کی فٹنس کے معیارمیں بھی اضافہ ہوا ہے لیکن ا بھی بہت کام کی ضرورت ہے، امیدیں اور توقعات باندھنا اچھی بات لیکن حقائق سے پردہ پوشی مناسب نہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کوتسلسل کے ساتھ تریننگ کا سلسلہ جاری رکھنے کے ساتھ غیرملکی ٹیموں سے مقابلوں میں شرکت کی اشد ضرورت ہے، چیمپئنزٹرافی میں بھارت کو شکست دینے کے ہدف کے ساتھ دیگر عالمی ٹیموں کے خلاف بھی معرکے سر کرنے کی ضرورت ہوگی جس کیلیے بہت محنت کرنا پڑے گی، ٹیم نیجر اولمپئن حسن سردار نے تسلیم کیا کہ پاکستان ٹیم کی فارورڈ لائن میں کمزرویاں موجود ہیں۔

کوچ نے کہا کہ پنالٹی کارنر کے شعبہ کو مضبوط بنانے کی کوشش کی ہے جبکہ ہماری ٹیم میں بھارت کو ناکامی سے دوچار کرنے کی صلاحیت ہے، ہالینڈ روانہ ہونے والی 22 رکنی قومی ہاکی ٹیم میں عمران بٹ ،مظہر عباس ،امجد علی (گول کیپرز) ،عرفان سینئر ،مبشر ، علیم بلال ،عماد شکیل بٹ ،توثیق ارشد،راشد علی،تصور عباس، رضوان جونئیرر،ابو بکر ،عرفان جونئیر ،ارسلان قادر ،عمر بھٹہ،رضوان سینئر،شفقت رسول،علی شان ،اظفر یعقوب، اعجاز علی ،رانا سہیل اور محمد دلبر شامل ہیں، رولینٹ اولٹمنزہیڈ کوچ، اولمپئن محمد ثقلین اور اولمپئن ریحان بٹ کوچ، ڈینیئل پیری ٹرینر جبکہ اولمپئن حسن سردار منیجر اور ندیم لودھی ویڈیو اینالسٹ کی ذمہ داری ادا کریں گے۔

 
Load Next Story