ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ پاکستانی مہم کا آج تھائی لینڈ کے خلاف آغاز

ٹیم کی کوالالمپور میں بھرپورٹریننگ،ٹرافی کی رونمائی، ملائیشین ٹیم بھارت کا سامنا کرے گی۔

ٹیم کی کوالالمپور میں بھرپورٹریننگ،ٹرافی کی رونمائی، ملائیشین ٹیم بھارت کا سامنا کرے گی۔ فوٹو: پی سی بی

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز آج سے ہوگا۔

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز اتوار سے ملائیشیا میں ہورہا ہے، بسمہ معروف (کپتان) جویریہ ودود، ثنا میر، ندا راشد، نین عابدی، منیبہ علی صدیقی، بی بی ناہیدہ، جویریہ رؤف، عمیمہ سہیل، سدرہ نواز، کائنات امتیاز، نشرا سندھو، انعم امین، نتالیہ پرویز اور ڈیانا بیگ پرمشتمل پاکستانی ٹیم تھائی لینڈ کے خلاف میچ سے اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔

10جون تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلیے ایکشن میں دکھائی دیں گی،ان میں میزبان ملائیشیا، بنگلادیش، سری لنکا، بھارت، پاکستان اور تھائی لینڈ شامل ہیں، ایونٹ کے ابتدائی روز تین میچز کھیلے جائیں گے۔

افتتاحی میچ میں ملائیشیا کو بھارت کا چیلنج درپیش ہوگا، دوسرا میچ بنگلادیش اورسری لنکا جبکہ تیسرا پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان کھیلا جائیگا، پاکستان ویمنزٹیم اپنا دوسرا میچ 4 جون کو بنگلہ دیش، تیسرا میچ 6 جون کو سری لنکا، چوتھا میچ 7 جون کو ملائیشیا جبکہ پانچواں اورآخری مقابلہ 9 جون کو روایتی حریف بھارت کیخلاف کھیلے گی۔ دوٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 10 جون کوکھیلا جائیگا۔


گزشتہ روز پریس کانفرنس میں ٹرافی کی رونمائی کردی گئی، بعد ازاں تمام ٹیموں کی کپتانوں نے میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے ٹائٹل جیتنے کا عزم ظاہر کیا۔

پاکستان ٹیم کی قیادت کرنے والی بسمہ معروف نے کہا کہ متوازن اسکواڈ ایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے،لاہور کے بعد قبل از وقت ملائیشیا میں بھی پہنچ کر چند اچھے پریکٹس سیشن کیے ہیں، وارم اپ میچز میں بھی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع ملا،پاکستان سے ملتی جلتی کنڈیشنز کا بھی فائدہ ہوگا، ٹائٹل پر قبضہ جمانے کیلیے پُرعزم ہیں۔

گزشتہ روز گرین شرٹس کو صبح اور شام کے الگ الگ دوسیشنز میں حریف ٹیموں کی ویڈیوز دکھاتے ہوئے کوچز نے پلان سے آگاہ کیا،اس دوران دوپہر کو طویل ٹریننگ سیشن میں کھلاڑیوں نے صلاحیتیں نکھاریں، بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پریکٹس کے دوران پلیئرز زبردست فارم میں نظر آئیں۔

 
Load Next Story