سنجے دت کے ساتھ کسی فلم میں کام نہیں کروں گا نانا پاٹیکر

ملزمان کودی گئی سزاؤں میں سے سنجے کو سب سے نرم سزا دی گئی حالانکہ انصاف غریب اور امیرکےلئے یکساں ہوناچاہئے،نانا پاٹیکر


ویب ڈیسک April 25, 2013
نانا پاٹیکر نے کہا کہ عدالت نے ممبئی دھماکوں میں ملوث ملزمان کو دی گئی سزاؤں میں سے سنجے دت کو سب سے نرم سزا دی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

تین بار نیشنل ایوارڈ جیتنے والے بالی ووڈ کے منجھے ہوئے اداکار نانا پاٹیکر نے کہا ہے کہ وہ نہ تو سنجے دت کے ساتھ کسی فلم میں کام کریں گے اور نہ ہی ان کی کوئی فلم دیکھیں گے۔

نانا پاٹیکر نے کہا ہے کہ میری طرف سے سنجے دت کے گناہ کے لئے یہی سزا ہے جو میں انہیں دے سکتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے ممبئی دھماکوں میں ملوث ملزمان کو دی گئی سزاؤں میں سے سنجے دت کو سب سے نرم سزا دی ہے حالانکہ قانون اور انصاف غریب اور امیر کے لئے یکساں ہونا چاہئے۔

صرف نانا پاٹیکرہی بالی ووڈ کی وہ شخصیت ہیں جنہوں نے سنجے کی سزا کے حق میں بیان دیا اس کے بر عکس بالی ووڈ کی تمام شخصیات نے سنجے دت کی سزا کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان کی حمایت کی اور ان کے لئے معافی کی اپیل کی۔

واضح رہے کہ 1993 میں ممبئی دھماکوں میں ملوث ملزمان سے اسلحہ لے کر گھر میں چھپانے کے الزام میں عدالت نے سنجے دت کو 5سال کی سزا سنائی تھی اورخود کو حکام کے حوالے کرنے کے لئے انہیں 18 اپریل تک کا وقت دیا گیا تھا تاہم 17 اپریل کو عدالت نے سنجے دت کی اپیل پر انہیں اپنی فلموں کی شوٹنگ مکمل کرنے کے لئے ایک ماہ کا مزید وقت دے دیا تھا، سنجوبابا ڈیڑھ برس جیل میں گزار چکے ہیں اور اس طرح انہیں اب تقریبا ساڑھے تین برس تک قید میں رہنا ہوگا وہ 2007 سے ضمانت پررہا تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں