بندرگاہوں کے لیے قومی ماسٹر پلان متعارف کرانے کا فیصلہ

ٹرانسپورٹ پالیسی پرعمل کیلیے وزیراعظم کی سر براہی میں کابینہ کمیٹی بنائی جائے گی

تیل گیس کی ترسیل کیلیے پائپ لائن بچھائی،ٹرانسپورٹ سسٹم،روڈسیفٹی کوفروغ دیا جائیگا۔ فوٹو :فائل

وفاقی حکومت نے نیشنل ٹرانسپورٹ پالیسی کے تحت ملک بھر کی بندرگاہوں کے لیے قومی ماسٹر پلان متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹرانسپورٹ پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے وزیر اعظم کی سر براہی میں کابینہ کی خصوصی کمیٹی برائے ٹرانسپورٹ قائم کی جائے گی جبکہ ملک میں آئل اور گیس کی ترسیل کے لیے آئل اینڈ گیس پائپ لائن بچھانے کا بھی اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ایکسپریس کو حاصل نیشنل ٹرانسپورٹ پالیسی کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب ملک میں ٹرانسپورٹ سیکٹر کے فروغ کے لیے نیشنل ٹرانسپورٹ پالیسی 2018 کے تحت اہم اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت ملک کے پسماندہ علا قوں تک رسائی کے لیے دیہی علاقوں کی سڑکوں کو توسیع دیتے ہوئے ان علاقوں تک کنیکٹویٹی بڑھائی جا ئے گی۔

جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ٹرانسپورٹ سسٹم اور روڈ سیفٹی کو فروغ دیا جائے گا، کنیکٹویٹی میں بہتری، رسائی، ٹرانسپورٹ سروسز میں استحکام، شہریوں کے لیے محفوظ سفری سہولتیں فراہم کرنا، ماحول کو صاف رکھنا نیشنل ٹرانسپورٹ پالیسی کا حصہ ہیں۔


نیشنل ٹرانسپورٹ پالیسی کے تحت فریٹ ٹرانسپورٹ کو بتدریج ریل اور پائپ لائنز کی جانب منتقل کیا جائے گا اور وفاقی حکومت کی جانب سے آئل اینڈ گیس کو ایک سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے لیے اصولی طور پر پائپ لائن بچھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پائپ لائن کے کنکشن پورٹس، ٹرمینل اور دیگر جگہوں پر انسٹال ہوں گے اورنیشنل پورٹس ماسٹر پلان ڈیولپ کیا جائے گا۔

پالیسی کے تحت ریلوے انفرااسٹرکچر پبلک سیکٹر میں ہی رہے گا تاہم ریلوے آپریشنز ا ور مرمتی کاموں میں پرائیویٹ سیکٹر کو فروغ دیا جائے گا۔ ریلوے کی سروسز کا معیار بڑھاتے ہوئے عالمی سطح تک لایا جائے گا۔ ایئر ٹرانسپورٹ میں نئے نیشنل اور انٹرنیشنل روٹس پر فلائٹس کی تعداد کو بڑھاتے ہوئے نئی سروسز شروع کی جائیں گی اور سروس کا معیار بہتر کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ منافع حاصل کیا جا سکے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ری اسٹرکچرنگ کی جائے گی اور ایوی ایشن اور ایئر ٹریول سیفٹی اور سیکیورٹی کو بھی فروغ دیاجائے گا۔ اس پالیسی پر عملدرآمد کے لیے کابینہ کی ٹرانسپورٹ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی سربراہی وزیر اعظم کریں گے اس کمیٹی میں وزارت مواصلات، ریلویز، ایوی ایشن، پٹرولیم، بین الصوبائی ہم آہنگی، منصوبہ بندی، میری ٹائم افیئر کے علاوہ صوبائی نمائند ے بھی شامل ہوں گے۔

قومی ٹرانسپورٹ پالیسی پر عملد ر آمد کے لیے ہر سب سیکٹر کے لیے ایک ماسٹر پلان بنایا جائے گا۔ اس پالیسی پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ اور ایویلیوایشن کے لیے کابینہ کی تجویز کردہ کمیٹی کے نیچے ایک ایڈوائزری کمیٹی بھی قائم کی جائے گی۔

 
Load Next Story