مشرف قوم کے مجرم ہیں اور انہیں ان کے کئے کی سزا ملنی چاہئے نواز شریف

آج جو سبز ہلالی پرچم کی بات کررہے ہیں وہ اس وقت کہاں تھے جب ہم نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، نواز شریف

ہمارے دور حکومت میں ملک میں خوشحالی کا دوردورہ تھا، ہم کبھی کشکول لے کر نہ تو کسی کے سامنے گئے اور نہ ہی کبھی ملکی غیرت کا سودا کیا، نواز شریف فوٹو: اے پی پی / فائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ پرویز مشرف سے میری کوئی ذاتی دشمنی نہیں تاہم وہ قوم کے مجرم ہیں اور انہوں نے جو کچھ کیا انہیں اس کی سزا ملنی چاہئے۔


منڈی یزمان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پرویزمشرف کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ مکافات عمل ہے کیونکہ انہوں نے مجھے اورمیرے خاندان کو بھی 7 سال مجبوراً ملک بدر کیا ،مجھ پر ہائی جیکنگ کا جھوٹا مقدمہ بنایا گیا اور ایک منتخب وزیراعظم کو گرفتار کرکے جو تضحیک آمیز سلوک کیا گیا اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی، ہمارے پورے خاندان کو کال کوٹھری میں بندھ کیا گیا اورجب میرے والد کا انتقال ہوا تو ہمیں ان کی تدفین میں شرکت تک کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا ان کی پرویزمشرف سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں تاہم وہ قوم کے مجرم ہیں، انہوں نے آئین اورقانون توڑا جس کی انہیں سزا ملنی چاہئے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے دور حکومت میں ملک میں خوشحالی کا دوردورہ تھا، ہم کبھی کشکول لے کر نہ تو کسی کے سامنے گئے اور نہ ہی کبھی ملکی غیرت کا سودا کیا اور آج جو سبز ہلالی پرچم کی بات کررہے ہیں وہ اس وقت کہاں تھے جب ہم نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کے مستقبل ہیں اور وہ پرعزم ہیں کہ وہ 18 مئی کو انہیں بھاری ووٹوں سے کامیاب بناکر دوبارہ خدمت کا موقع دیں گے۔
Load Next Story