کچھ علاقوں میں مشکلات ہیں لیکن گھبرانے والی بات نہیں سیکریٹری الیکشن کمیشن

عسکری اور صوبائی قیادت مل کرفوج کی تعیناتی کافیصلہ کرے گی جہاں بھی ضرورت ہوگی فوج تعینات کی جائے گی، اشتیاق احمد


ویب ڈیسک April 25, 2013
جہاں بھی ضرورت ہوگی فوج تعینات کی جائے گی، اشتیاق احمد۔ فوٹو: فائل

سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے کہا ہے کہ امن و امان کے حوالے سے کچھ علاقوں میں مشکلات ہیں لیکن گبھرانے کی ضرورت نہیں قوم اپنی منزل ضرور حاصل کرلے گی۔

الیکشن کمیشن اسلام آباد میں جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں وفاقی و صوبائی وزارت داخلہ کے نمائندے، آئی جیز، ایف سی اور رینجرز حکام کے علاوہ وزارت قانون ودفاع کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے قائدین اور آئندہ عام انتخابات کے لئے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی گئی۔اس موقع پر جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم نے کہا کہ الیکشن کمیشن ملک میں صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لئے پر عزم ہے، انتخابات اپنےوقت پر 11 مئی کو ہی ہوں گے اس میں ایک دن کی بھی تاخیرنہیں کی جاسکتی۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے کہا کہ میں انتخابات کے موقع پر امن وامان برقرار رکھنے کے لئے انتہائی اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی حکومتوں نے سیکیورٹی پلانز سے الیکشن کمیشن کوآگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے، انتخابات کی شفافیت کا فیصلہ پاکستان کےعوام کریں گے اور جہاں دھاندلی ہو میڈیا منظر عام پر لائے۔ الیکشن کے روز بھرپور سیکیورٹی فراہم کریں گے اس کے علاوہ انتخابی امیدواروں اور سیاسی رہنماؤں کو بھی مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

اشتیاق احمد نے کہا کہ امن و امان کے قیام کی بنیادی ذمہ داری صوبوں اور پولیس کی ہے، کچھ علاقوں میں مشکلات ہیں لیکن گبھرانے کی ضرورت نہیں 16 دن بعد قوم اپنی منزل پالے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وصوبائی حکومتوں میں تعاون کاکسی قسم کاکوئی فقدان نہیں، سیکیورٹی فورسز نے بھی بھرپور تعاون کی یقن دہانی کرائی ہے، فوجی حکام صوبائی حکومت کےساتھ مل کرفوج کی تعیناتی کافیصلہ کریں گے جہاں بھی ضرورت ہوگی فوج تعینات کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں