ایم کیو ایم رہنما رشید گوڈیل بھی پی ٹی آئی میں شامل

پی ٹی آئی غریبوں کے لیے آواز اٹھانے اور ملکی مسائل کو سمجھنے والی جماعت ہے، رشید گوڈیل

پی ٹی آئی غریبوں کے لیے آواز اٹھانے اور ملکی مسائل کو سمجھنے والی جماعت ہے، رشید گوڈیل۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما رشید گوڈیل نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما رشید گوڈیل نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ہے، بنی گالہ میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرتا ہوں، پی ٹی آئی غریبوں کے لیے آواز اٹھانے اور ملکی مسائل کو سمجھنے والی جماعت ہے تاہم الیکشن کے حلقے سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو 20،30 سالوں سے نظر انداز کیا جارہا ہے لہذا اب اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ کراچی کو ایک قومی سطح کی جماعت کی ضرورت ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : ایم کیوایم کے رہنما رشید گوڈیل کا پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ


گزشتہ ماہ ایم کیوایم پاکستان کے رہنما و رکن قومی اسمبلی عبدالرشید گوڈیل نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ عبدالرشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آپس کی لڑائی دیکھ کر افسوس ہوتا ہے، یہ سب مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں تاہم کسی دوسری جماعت میں شمولیت کا کوئی ارادہ نہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : مارنے والے سے بچانے والا بڑا ہے، رشید گوڈیل کا پہلا ویڈیو بیان

واضح رہے کہ گزشتہ سال ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل پر 18 اگست کو کراچی کے علاقے بہادرآباد میں قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ حملے میں رشید گوڈیل کا ڈرائیور جاں بحق ہوا تھا۔
Load Next Story