کراچی نصرت بھٹو کالونی میں ایم کیو ایم کے دفتر کے قریب دھماکا 5 افراد جاں بحق متعدد زخمی

دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا جسے ریموٹ ڈیوائس سے کنٹرول کیا گیا، ایس ایس پی سینٹرل عامر فاروقی

زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے تاہم زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

نارتھ ناظم آباد کے علاقے نصرت بھٹو کالونی میں ایم کیو ایم کے انتخابی دفتر کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دھماکا ایم کیو ایم کے انتخابی دفتر کے قریب موٹر سائیکل میں نصب دھماکا خیز مواد کے پھٹنے سے ہوا جس میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکا انتہائی زور دار تھا جس کی آواز دور دراز علاقوں تک سنائی دی اور علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ دھماکے سے قریبی واقع دکانوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے ہیں۔


جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عمران، بلال، عمیر، عادل اور ایوب کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے تاہم زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ایس ایس پی سینٹرل عامر فاروقی کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا جسے ریموٹ ڈیوائس سے کنٹرول کیا گیا جبکہ ڈی آئی جی ویسٹ ظفر عباس کا کہنا ہے موٹر سائیکل کے انجن اور چیسز نمبر سے اس کے مالک کی تلاش کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل بھی پیپلز چورنگی کے نزدیک ایم کیو ایم کے انتخابی دفتر کے قریب ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ دھماکے کے بعد الطاف حسین کی ہدایت پر ایم کیو ایم کے تمام انتخابی دفاتر بند کردیئے گئے تھے۔
Load Next Story