مسجد نبویؐ میں معتکفین کیلیے ایپلی کیشن کا اجرا کر دیا گیا

اعتکاف کے خواہش مند ایپ کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں، نگراں کمیٹی

مسجد حرام میں 65 زبانوں میں تراجم پر مشتمل قرآن کے 10 لاکھ نسخے بطور ہدیہ فراہم۔ فوٹو: سوشل میڈیا

مسجد نبویؐ کی انتظامیہ نے ماہ رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف کرنے والوں کی سہولت کیلیے انتظامات مکمل کر لیے۔

عرب میڈیا کے مطابق انتظامی امور کی کمیٹی کے نگراں شیخ صالح المزینی نے بتایا کہ زائرین کی سہولت کیلیے مسجد نبویؐ کی انتظامیہ کی جانب سے معتکفین کی سہولت کیلیے مخصوص ایپ بھی لانچ کی گئی ہے جس کے ذریعے اعتکاف میں بیٹھنے کے خواہشمند اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔

المزینی نے مزید کہا کہ ایسے افراد کیلیے جنہیں ایپ کے ذریعے رجسٹریشن کرانے میں دشواری کا سامنا ہے انتظامیہ نے مسجد نبویؐ کے جنوبی صحن میں مسجد نبویؐ کی انتظامی مرکز کے ساتھ ہی عارضی کیمپ لگایا گیا ہے جہاں معتکفین اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں، عارضی کیمپ میں موجود اہلکار معتکفین کی سہولت کیلیے موجود ہوتے ہیں۔


کیمپ پر عربی اور انگلش کے علاوہ دیگر زبانوں میں بھی وزیٹر سروسسز کی عبارت تحریر کی گئی ہے، ایسے غیر ملکی افراد جو امسال ماہ رمضان میں مسجد نبویؐ میں اعتکاف کرنے کے خواہش مند ہیں انھیں چاہیے کہ وہ انتظامی کیمپوں سے رجوع کر کے اپنی رجسٹریشن مکمل کروا لیں۔

حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے مسجد حرام میں قرآن کریم کے 10 لاکھ سے زیادہ نسخے مہیا کر دیے جو 65 زبانوں میں تراجم پر مشتمل ہیں، ان میں بریل زبان بھی شامل ہے جس کے 300 نسخے خصوصی الماری میں رکھے گئے ہیں، جنرل پریذیڈنسی نے مناسک، روزے کے احکام، اذکار، دعاؤں اور خواتین کے مسائل سے متعلق 269310 کتابچے بھی بطور ہدیہ پیش کیے ہیں۔

علاوہ ازیں حرم شریف میں مردوں اور خواتین کے شعبوں میں 7034 زائرین نے تلاوت کی تصحیح اور حفظ کے حلقوں سے استفادہ کیا، حرمین قاری پورٹل پروگرام کے تحت مردوں کیلیے 25 قاری اور خواتین کیلیے 9 قاریات کے ذریعے دنیا بھر میں خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، اس سلسلے میں 1437 ہجری میں 75 ہزار، 1438 ہجری میں 92 ہزار اور رواں برس یعنی 1439 ہجری کے پہلے 6 ماہ کے دوران 52 ہزار افراد استفادہ کر چکے ہیں۔

 
Load Next Story