ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز

ناکام ٹیم 8 وکٹ پر 67رنز تک محدود رہی، گرین شرٹس نے 14 ویں اوور میں ایک وکٹ پر ہدف پالیا


Sports Reporter June 04, 2018
ناہیدہ کے 38 رنز، بھارت اور سری لنکا کی بھی فتوحات۔ فوٹو : فائل

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے فاتحانہ آغاز کر دیا، تھائی لینڈ کے خلاف باآسانی 8 وکٹوں سے کامیابی سمیٹ لی۔

ویمنز ٹوئنٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کا باقاعدہ آغاز ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں ہوگیا ہے، ابتدائی روز 3 میچز کا فیصلہ ہوا، پاکستان سمیت بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں حریف سائیڈز کے خلاف فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ اتوار کو ملائیشیا میں شروع ہونے والے ایونٹ میں پاکستانی ویمنز ٹیم نے اپنے ابتدائی میچ میں تھائی لینڈ ویمنز ٹیم کو با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔

تھائی لینڈ ویمنز ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 67 رنز بنائے، 8 پلیئرز ڈبل ہندسہ بھی عبور نہ کرسکیں، چن تم اور کپتان ٹیپوچ 17، 17 رنز بنا کر نمایاں اسکورر رہیں، ثنا میر نے2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا جبکہ ڈیانا بیگ، نشرہ، ندا ڈار اور کائنات امتیاز نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف 13.1 اوورز میں2 وکٹوں پر پورا کیا۔

ناہیدہ خان نے کھل کر بیٹنگ کے جوہر دکھائے اور 5 چوکوں کی مدد سے 38 رنز بناکر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردارادا کیا، جویریہ خان 18 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں، منیبہ علی اور کپتان بسمعہ معروف 6، 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔

ادھر بھارتی ویمنز ٹیم نے میزبان ملائیشیا کو 142 رنز کے واضح مارجن سے ہرا کر فتح اپنے نام کی۔ بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں پر 169 کا مجموعہ تشکیل دیا، ایم راج صرف3 رنز کے فرق سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکیں، انھوں نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 97رنز بنائے۔ کپتان ایچ کور 32 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہیں۔

ملائیشیا کی ٹیم 13.4 اوورز میں صرف 27 رنز پر ہمت ہار گئی۔ ایک اور میچ میں سری لنکا ویمنز نے بنگلہ دیش کو 6 وکٹوں سے ہرا کر کامیابی اپنے نام کی۔

یاد رہے کہ آج ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے مزید 3 میچوں کا فیصلہ ہوگا، پاکستان کا ٹاکرا بنگلادیش کے ساتھ ہوگا۔ بھارت کا مقابلہ تھائی لینڈ کے ساتھ جبکہ سری لنکا کی ٹیم ملائیشیا کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں