پاکستان معاشی استحکام کیلیے مزید اقدامات کرے آئی ایم ایف

اسلام آباد کومشکل اقتصادی چیلنجزکا سامنا ہے، واشنگٹن میں بات چیت سودمندرہی، حکام نے۔۔۔، سربراہ آئی ایم ایف پاکستان مشن

اسلام آباد کومشکل اقتصادی چیلنجز کا سامنا ہے، واشنگٹن میں بات چیت سودمندرہی، حکام نے امدادی پروگرام کیلیے درخواست نہیں کی، سربراہ آئی ایم ایف پاکستان مشن فوٹو: فائل

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستانی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے مزید کوششیں کرے۔

آئی ایم ایف اورپاکستانی حکام کے درمیان گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں ملاقات کے حوالے سے آئی ایم ایف پاکستان مشن کے سربراہ جیفری فرینکس نے بتایا کہ بات چیت سودمند رہی تاہم پاکستانی حکام نے عالمی ادارے سے امدادی پروگرام کے لیے کوئی باضابطہ درخواست نہیں کی۔

ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ پاکستانی حکام کی جانب سے پروگرام کے لیے کوئی درخواست نہیں موصول ہوئی تاہم پاکستان کومشکل اقتصادی چیلنجز کا سامنا ہے اور ہم زور دیتے ہیں کہ پاکستانی حکام معیشت کے استحکام کے لیے ضروری اقدامات لینا شروع کریں اور مستقبل میں گروتھ کے لیے بنیاد رکھیں۔




واضح رہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے کرنسی پر دباؤ ہے، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان ایک اور بیل آؤٹ پیکیج کے لیے آئی ایم ایف سے رجوع کرے گا۔

قبل ازیں نومبر2008 میں پاکستان نے آئی ایم ایف سے 11.3ارب ڈالر کا قرض پروگرام لیاتھا تاہم 2011 میں اصلاحی پروگرام پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث مزیداقساط کی ادائیگی روک دی تھی اور پاکستان نے بھی اس کے لیے رجوع نہیں کیا جس کے بعد پروگرام ختم ہوگیا تھا۔
Load Next Story