فاسٹ بولنگ کیمپ کے شرکا کی دینی تربیت کا اہتمام

تبلیغی جماعت کے ہمراہ سعید انور نے اسلامی اصولوں پر کاربند رہنے کی ہدایت دی۔


Sports Desk April 26, 2013
تبلیغی جماعت کے ہمراہ سعید انور نے اسلامی اصولوں پر کاربند رہنے کی ہدایت دی۔ فوٹو : فائل

پاکستان کے سابق اسٹاراوپنر سعید انور نے تبلیغی جماعت کے ہمراہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا،انھوں نے وسیم اکرم سے ٹریننگ لینے والے فاسٹ بولرز کو اسلامی اصولوں پر کاربند رہنے کی تلقین کی، پلیئرز کو صلاحیتوں کے نکھار کیلیے ملنے والے موقع کو بھی کارآمد بنانے کی بھی ہدایت دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی زندگی اسلام کی تبلیغ کے لیے وقف کرنے والے اوپنر سعید انور گذشتہ روز اپنے ساتھیوں کے ہمراہ نیشنل اسٹیڈیم پہنچے جہاں پر وسیم اکرم کی نگرانی میں فاسٹ بولنگ کیمپ لگا ہوا ہے، جنید جمشید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انھوں نے تقریباً 30 منٹ 23 پلیئرز کے ساتھ گزارے، اس موقع پر وسیم اکرم اور ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور بھی فاصلے پر موجود ان کی باتیں سنتے رہے۔



سعید انور نے کہا کہ ہمارا پلیئرز سے بات کرنے کا مقصد انھیں یہ بتانا تھا کہ بطور مسلمان ہمارے لیے اسلامی تعلیمات پر عمل کرنا کتنا ضروری ہے۔ میں نے انھیں بتایا کہ اگر ہم اپنی روز مرہ کی زندگی میں اسلامی اصولوں پر عمل کریں تو بہتر انسان اور کھلاڑی بن سکتے ہیں۔ سعید انور نے فاسٹ بولنگ کیمپ کو نوجوان بولرز کے لیے کافی اہم قرار دیتے ہوئے انھیں وسیم اکرم جیسے بولرز سے سیکھنے کے موقع کو پوری طرح کارآمد بنانے کا مشورہ بھی دیا۔

انھوں نے کہا کہ جس طرح کی سہولتیں ان کھلاڑیوں کو آج میسر ہیں وہ ہمارے دور میں نہیں تھیں، اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ ایسے میں وسیم اکرم جیسے سابق پیسر سے تربیت کا موقع پانے والے کھلاڑی کافی خوش قسمت ہیں۔ سعید انور نے ورلڈ کپ 2003 میں دو سنچریاں بنانے کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں