ایشین گیمز تیاریوں کیلیے بیرون ملک بھجوایا جائے انعام بٹ

ایونٹ معمولی نہیں، بھرپور تیاریوںکے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا، ریسلر


Sports Reporter June 05, 2018
ایونٹ معمولی نہیں، بھرپور تیاریوںکے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا، ریسلر۔ فوٹو: سوشل میڈیا

کامن ویلتھ گیمز کے گولڈ میڈلسٹ پہلوان انعام بٹ نے ایشین گیمز کی تیاریوں کے لیے پلیئرز کو بیرون ملک بجھوانے کا مطالبہ کر دیا۔

میڈیا سے بات چیت میں انعام بٹ نے کہا کہ ایشین گیمز کوئی معمولی ایونٹ نہیں ہے اور نہ ہی اس کو آسان لیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ جن کھلاڑیوں کے خلاف ہمارے کھلاڑیوں نے میدان میں اترنا ہے وہ کئی ماہ سے بیروں ممالک میں تربیت حاصل کر رہے ہیں لیکن ہمارے ہاں تربیتی کیمپ کو ختم کر دیا گیا ہے حالانکہ رمضان المبارک میں بھی تربیتی کیمپ لگانے چاہیے تھے۔

انعام بٹ نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز کی تیاری کے سلسلے میں مارچ میں تربیت کیلیے ایران بھیجا گیا تھا لیکن کیونکہ ایران کے کھلاڑی بھی ایشین گیمز میں حصہ لے رہے ہیں اس لیے ہمیں ایران کی بجائے یوکرائن، بلغاریہ یا روس میں تربیت کیلیے بھیجا جائے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ایران، قازقستان، ازبکستان، منگولیا، چین، جاپان یہ سب ممالک کے کھلاڑی اولمپک میں بھی حصہ لیتے ہیں اس لیے ایشین گیمز کو آسان نہ لیا جائے بلکہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ تربیت کی ضرورت ہے، انھوں نے پاکستان اسپورٹس بورڈ سے اپیل کی ہے کہ ایشین گیمز کی تیاری کے سلسلے میں تربیتی کیمپ کا انعقاد جلد کیا جائے کیونکہ ایشین گیمز میں وقت بہت کم ہے۔

انعام بٹ نے کہا کہ ایشین گیمز رواں سال اگست میں انڈونیشیا میں کھیلے جائیں گے جس میں پاکستان مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے گا۔ انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل اس کھیل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں