ٹی 20 سیریز ایکشن کلیئر ہونے کے باوجود محمد حفیظ نظرانداز

انجرڈ بابراعظم کا خلا حارث پُرکریں گے،مشکوک فٹنس کے حامل عامر برقرار


Sports Reporter June 05, 2018
انجرڈ بابراعظم کا خلا حارث پُرکریں گے،مشکوک فٹنس کے حامل عامر برقرار۔ فوٹو:فائل

اسکاٹ لینڈ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں انجرڈ بابر اعظم کا خلا حارث سہیل پُر کریں گے جب کہ بولنگ ایکشن کلیئر ہونے کے باوجود محمد حفیظ کو نظر انداز کردیا گیا۔

اسکاٹ لینڈ کیخلاف 2ٹی ٹوئنٹی میچزکیلیے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا، چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی مشاورت سے ویسٹ انڈیز کو کراچی میں 3-0سے کلین سوئپ کرنے والے اسکواڈ کو برقرار رکھا، لارڈز ٹیسٹ میں بین اسٹوکس کی گیند بازو پر لگنے سے انجری کا شکار ہونے والے بابر اعظم کی جگہ حارث سہیل کو شامل کیا گیا ہے، نوجوان بیٹسمین ٹیسٹ ٹیم کیساتھ انگلینڈ میں ہی موجود ہیں۔

دوسری جانب بولنگ ایکشن کلیئر اور آل راؤنڈر کا اسٹیٹس بحال ہونے کے باوجود محمد حفیظ کو ایک بار پھر نظر انداز کردیا گیا،اتوار کو ختم ہونے والے لیڈز ٹیسٹ میں محمد عامر کندھے کی تکلیف کا شکار نظر آرہے تھے، اس کے باوجود انھیں اسکواڈ میں شامل رکھا گیا ہے۔

پی ایس ایل تھری کے دوران گرنے سے گھٹنے کی انجری کا شکار ہونے والے رومان رئیس تاحال بحالی فٹنس کیلیے کوشاں ہیں، ان کو بھی زیر غور نہیں لایا گیا، ویسٹ انڈیز کیخلاف کراچی میں ڈیبیو کرنے والے حسین طلعت، آصف علی اور شاہین شاہ آفریدی پہلی بار بیرون ملک سیریز کھیلنے کا موقع حاصل کریں گے۔

منتخب اسکواڈ میں فخر زمان، احمد شہزاد، حارث سہیل، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، سرفراز احمد (کپتان) ، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد نواز، محمد عامر، حسن علی، راحت علی، عثمان شنواری اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گرین شرٹس کا اسکاٹ لینڈ کے خلاف پہلا میچ 12 اور دوسرا13 جون کو ہونا ہے، دونوں مقابلوں کی میزبانی ایڈنبرا کرے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں