23لاکھ افراد نے نئے نوٹوں کی بکنگ کرالی

ایس ایم ایس کے ذریعے بکنگ حد27لاکھ ہے،چندروزمیں پوری ہوجائیگی،ایس بی پی

عوام سے برانچز کا اسٹیٹس ویب سائٹ پرچیک کرنے کے بعدپیغام بھیجنے کی استدعا۔ فوٹو : فائل

مختصر مدت میں تقریباً 2.3 ملین لوگوں نے 132 شہروں کی 1535 برانچوں پر کیے گئے انتظامات کے تحت بکنگ کرائی ہے۔

بینک دولت پاکستان نے عیدالفطر 2018 کے موقع پرنئے نوٹ جاری کرنے کے متعلق شروع کی گئی ایس ایم ایس سروس 8877کو عوام میں بھرپور پذیرائی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سروس 31 مئی 2018 کو شروع کی گئی تھی اور محض 4 روز کی مختصر مدت میں تقریباً 2.3 ملین لوگوں نے 132 شہروں کی 1535 برانچوں پر کیے گئے انتظامات کے تحت بکنگ کرائی ہے جبکہ گزشتہ عیدالفطر 2017 کے موقع پر 120 شہروں کی 1018 نامزد برانچوں میں یہ سہولت فراہم کی گئی تھی۔

بکنگ کرانے کی مجموعی حد 2.7 ملین صارفین ہے جس میں رواں سال 50 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ برس صارفین کی حد 1.8 ملین مقرر کی گئی تھی، اس نظام کی مجموعی گنجائش برانچوں کی جانب سے صارفین کی یومیہ تعداد کو یہ سہولت بہم پہنچانے اور ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے پاس جمع شدہ دستیاب نئے کرنسی نوٹوں کے باعث محدود ہو جاتی ہے کیونکہ یہ عمل نوٹوں کی چھپائی کی گنجائش سے منسلک ہوتا ہے۔


فی الوقت 85 فیصد سے زیادہ بکنگ عوام کو جاری کی جا چکی ہیں چونکہ یہ بکنگ سروس 24گھنٹے دستیاب ہوتی ہے، اس لیے توقع ہے کہ یہ نظام آئندہ چند روز میں اپنی مکمل حد تک پہنچ جائے گا لہٰذا 2.7 ملین کا ہدف حاصل ہوتے ہی یہ بکنگ بند ہو جائے گی، اس بکنگ کو بتدریج ان شہروں میں بند کیا جائے گا جہاں برانچیں اپنی گنجائش کو استعمال کر چکی ہیں تاہم پہلے سے جاری کردہ بکنگ کوڈز پر نئے کرنسی نوٹوں کا اجرا سروس کے آخری دن 14 جون 2018 تک جاری رہے گا جو کوڈ کی validity سے مشروط ہو گا۔

جن برانچوں پر بکنگ ابھی تک دستیاب ہے ان کا اسٹیٹس اسٹیٹ بینک اور پی بی اے دونوں کی ویب سائٹس پر اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے، چنانچہ عوام سے التماس ہے کہ وہ چارجز اور زحمت سے بچنے کے لیے ایس ایم ایس بھیجنے سے قبل اسٹیٹس ضرور چیک کر لیں۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایس ایم ایس سروس کے علاوہ بینک اپنی برانچوں اور اے ٹی ایمز سے اپنے صارفین کو نئے نوٹ فراہم کر سکتے ہیں کیونکہ انہیں اسٹیٹ بینک کی جانب سے اس کی خاصی مقدار فراہم کی جا رہی ہے۔

 
Load Next Story