خدیجہ کیس کا ملزم بری ہونے پر پاکستانی فنکاروں کی شدید مذمت

فنکاروں کی جانب سےخدیجہ کے ملزم کو بری کرنے کے فیصلے کو طاقت کا کھیل قراردیاجارہا ہے


ویب ڈیسک June 05, 2018
فنکاروں کی جانب سےخدیجہ کے ملزم کو بری کرنے کے فیصلے کو طاقت کا کھیل قراردیاجارہا ہے فوٹو:فائل

گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے خدیجہ صدیقی پر قاتلانہ حملےکے مرکزی ملزم شاہ حسین کو بری کرنے پر پاکستانی فنکاروں کی جانب سے شدید الفاظ میں مذمت کی جارہی ہے اور اسے طاقت کا کھیل قرار دیا جارہاہے۔

2016 میں قانون کی طالبہ خدیجہ صدیقی کو اس کے کلاس فیلو شاہ حسین نے چھریوں کے 23 وار کرکے لہولہان کردیاتھا، خدیجہ تو اس قاتلانہ حملے میں بچ گئی تھی، تاہم اس نے انصاف کے لئے قانون کا دروازہ کھٹکھٹایاتھا، تاہم گزشتہ روز خدیجہ کے ملزم کو لاہور ہائی کورٹ نے بری کردیا۔ عدالت کے فیصلے پر نہ صرف پوری قوم غم وغصے کا شکار ہے بلکہ فنکار برادری کی جانب سے بھی شدید الفاظ میں مذمت کی جارہی ہے، یہاں تک کہ ''خدیجہ کو انصاف دو'' ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: خدیجہ قاتلانہ حملہ کیس؛ ملزم شاہ حسین کو بری کردیا گیا

اداکارہ ماہرہ خان نے ملزم شاہ حسین کی رہائی پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے ''طاقت کا کھیل'' قرار دیااور کہا اس سے زیادہ اور کچھ طاقتور نہیں کہ لوگ طاقتوروں کے خلاف متحدہوجائیں، خدیجہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ خدیجہ کو انصاف دو۔''



حمزہ علی عباسی نے نہایت غم و غصے کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے سنا خدیجہ پر چھریوں کے وار کرنے والے ملزم کو لاہور ہائی کورٹ سے بری کردیاگیا ہے؟ کیا یہ سچ ہے، ہمیں خدیجہ کے لیے ایک ہونا ہوگا اور اس کی آواز بنناہوگا۔ ہم خدیجہ کی آواز ہیں۔



اداکارہ ماورہ حسین نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو یک طرفہ اورجانبدار فیصلہ قراردیا، کسی پر چھریوں کے 23 وار کرنے والے کے لیےسزائے موت سے کم کوئی سزا نہیں کیا طاقت انصاف سے اوپر ہے؟



اداکار عثمان خالد بٹ نے بھی ملزم کے بری ہونے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا مجھے یقین نہیں آرہا شاہ حسین جس نے اپنی کلاس فیلو کو چھریوں کے 23 وار کرکے زخمی کیا اور اب بری ہوگیا ہے، خدیجہ صحیح تھی انصاف مرگیا، مجھے معاف کردیں یہ ملک ناکام ہوگیا۔ خدیجہ صدیقی کے ساتھ جو آج ہواہے وہ پاکستان کے لیے شرمندگی کی بات ہے، اس بچی کی ہمت تو قائم ہے، کسی اور کی ہمت نہ ٹوٹ جائے۔ انہوں نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثارکومخاطب کرتے ہوئے کہا خدارا۔۔ عدالتوں کا نوٹس لیجئے۔





اداکارہ ارمینا خان نے کہا تصور کریں آپ کے انگوٹھے پر ذراسا کٹ لگ جائے، میں اس درد کا تصور نہیں کرسکتی جب کہ خدیجہ پر چھریوں کے 23 وار کیے گئے، خدیجہ جو آج چل رہی ہے یہ ایک معجزہ ہے۔

https://twitter.com/ArmeenaRK/status/1003740236470542336

گلوکار علی گل پیر بھی اپنی آواز کو خاموش ہونے سے نہ روک سکے انہوں نے عدالتی فیصلہ آنے کے بعد ٹوئٹ کیا آپ کو ڈبل سواری کی خلاف ورزی پر جیل میں ڈال دیاجاتا ہے لیکن کسی پر چھریوں کے23 وار کرنے پر ڈیڈی کے ساتھ گھر بھیج دیاجاتا ہے۔ یہ پاکستان کا قانون ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔