پاکستان آنے والے بھارتی پھلوں میں جان لیواوائرس کی موجودگی کا انکشاف

بھارتی پھلوں میں چمگادڑوں کی وجہ سے پیداہونیوالے خطرناک وائرس سے متعددہلاکتیں ہوچکی ہیں


آصف محمود June 05, 2018
کشمیرکے راستے بھارتی پھلوں اورسبزیوں کی پاکستان درآمدکو ہرممکن طریقے سے روکا جائے، پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ فوٹو:فائل

پاکستان پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ نے بھارتی پھلوں میں جان لیوا وائرس کی وجہ سے کشمیرکے راستے بھارتی پھلوں اورسبزیوں کی پاکستان اسمگل روکنے کی سختی سے ہدایات جاری کردی ہیں۔

ڈائریکٹرجنرل پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹروسیم الحسن نے ایکسپریس نیوزکوبتایا کہ پاکستان نے بھارتی پھلوں اورسبزیوں کی پاکستان درآمدپرپہلے ہی پابندی لگارکھی ہے، اس وقت راولپنڈی ،لاہور،فیصل آباد سمیت مختلف منڈیوں میں جوبھارتی پھل اورسبزیاں فروخت کی جارہی ہیں وہ بھارتی مقبوضہ کشمیرسے باہمی معاہدے کے تحت آزادکشمیرلائی جاتی ہے اوروہاں سے اسمگل ہوکرپاکستانی منڈیوں میں پہنچتی ہیں۔

ڈاکٹروسیم الحسن نے بتایا اس وقت بھارتی ریاست کیرالہ میں پھلوں کے اندرجان لیوا وائرس نیفھا کی وجہ سے ورلڈہیلتھ آرگنائزیشن ان پھلوں کی درآمد اوربرآمدپرپابندی عائدکرچکی ہے، اس وائرس سے پاکستانی پھل بھی متاثرہوسکتے ہیں اسی وجہ سے پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ نے وفاقی وزارت کامرس اور ماحولیاتی تبدیلی کو کہا ہے کہ بھارتی پھلوں اورسبزیوں کی اسمگلنگ کوروکا جائے، کسٹم ڈیپارٹمنٹ کوبھی کہا گیا ہے کہ کشمیرکے راستے بھارتی پھلوں اورسبزیوں کی پاکستان درآمدکو ہرممکن طریقے سے روکا جائے، پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے تمام فروٹ منڈیوں کوبھی ہدایات جاری کی گئی ہے کہ یہاں بھارتی پھلوں اورسبزیوں کی فروخت کوروکنے کے لئے موثراقدامات اٹھائے جائیں۔

واضح رہے کہ بھارتی پھلوں میں چمگادڑوں کی وجہ سے پیداہونیوالے خطرناک وائرس سے متعددہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ درجنوں افرادمتاثرہیں، کویت اورعرب امارت سمیت کئی خلیجی ریاستوں نے بھی بھارتی پھلوں کی درآمدپرپابندی عائدکردی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔