نگراں حکومت مشرف کو فارم ہائوس سے جیل منتقل کرے منور حسن

سابق آمر کو ہتھکڑیاں اور بیڑیاں پہنائی جائیں تو 18 کروڑ عوام سکھ کا سانس لیں گے

انتخابات کے التوا کے خدشات بڑھ رہے ہیں، آل پارٹیزکانفرنس بلائی جائے، مانسہرہ میں خطاب فوٹو: فائل

DHAKA:
امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ ووٹ کے ذریعے ظالموں کو ایک بار پھر گردنوں پر سوار کرکے تبدیلی کی امید رکھنا خام خیالی ہے۔

عوام نے 5 سال تک جن پارٹیوں کے ظلم و ستم برداشت کیے ان کو دوبارہ ووٹ دینے سے تبدیلی نہیں آئے گی بلکہ ان کے ظلم اورکرپشن میں اضافہ ہوگا، اگر عوام تبدیلی کو مذاق نہیں بناناچاہتے تو ترازو کو ووٹ دیکر دیانتدار اور باکردار نمائندوں کا انتخاب کریں۔ مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے منور حسن نے کہا کہ پرویز مشرف ذلت کے جس گرداب میں پھنس چکا ہے ہر ظالم و جابر کا آخرکار یہی انجام ہوتا ہے، مشرف اور اس کا آقا امریکا سمجھتا تھا کہ ان کے اقتدار کو کوئی چیلنج کرنیوالا نہیں لیکن آج دنیا بھر میں امریکی قلعے مسمار ہورہے ہیں۔




 

منور حسن نے کہا کہ نگراں حکومت مشرف کو فارم ہائوس سے جیل منتقل کرے تاکہ لوگوں کو یقین ہو کہ یہاں قانون سب کیلیے برابر ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر مشرف کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں اور پائوں میں بیڑیاں پہنائی جاتی ہیں تو اس کے ظلم کا شکار ہونے والے پاکستان کے 18 کروڑ عوام سکھ کا سانس لیں گے۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی وجہ سے عوام میں انتخابات کے التوا کے خدشات بڑھ رہے ہیں، نگراں وزیراعظم فوری طور پر آل پارٹیزکانفرنس بلائیں جس میں سیکیورٹی اداروں، فوج اور الیکشن کمیشن کے سربراہ بھی شریک ہوں اور قوم کو یقین دلائیں کہ کسی بھی صورت الیکشن ملتوی نہیں کیے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ زرداری اور ان کے حواریوں کا منشور وہ نہیں جو عوام کو دکھایا جارہا ہے اور عوام کے لوٹے گئے پیسوں سے لاکھوں کی تعداد میں چھپوا کر بانٹا جا رہا ہے، آج ملک میں نظر آنے والے سارے بحران انھی کا دیا ہوا تحفہ ہیں اور ان کااصل منشور بھی یہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس معاملے میں پنجاب کے حکمراں بھی پیچھے نہیں رہے جب عوام بجلی کی لوڈشیڈنگ، غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے نرغے میں تھے تو ن لیگ حکومت سے مفاہمت کے ترانے پڑھ رہی تھی۔
Load Next Story