اقتدارکوکھانے والے

آپ انسانی تاریخ اٹھا کر پڑھ لیں آپ کو اس میں ہزاروں وحشت، بربریت کے واقعات با آسانی سے مل جائیں گے


Aftab Ahmed Khanzada June 06, 2018

پاکستان میں حوروں کی خواہش لوگوں کو اتنا نہیں تڑپاتی ہے جتنا کہ اقتدار کی خواہش انھیں تڑپاتی ہے۔ اس کے لیے وہ ہر قسم کے پاپڑ بیلنے کے لیے ہرو قت تیار رہتے ہیں، اچھا خا صا آدمی بھی اس کے لیے بے وقوف بن جاتا ہے اور بچوں کی سی حرکتیں کر نے لگ جاتاہے، اس کے خواہشوں مندوں کی تعداد انگلیوں پر گنی نہیں جا سکتی۔ انسان اپنے آخری وقت میں خدا سے ملنے کا آرزو مند کم اور اس سے آخری ملاقات کا خواہش مند زیادہ رہتا ہے۔

اس کو حاصل کرنے کے لیے انسان گرگٹ سے زیادہ تیر رفتاری سے رنگ بدلتا ہے ایسی تیز رفتاری سے کہ گرگٹ بھی حیران و پریشان ہوکے رہ جاتا ہے۔ اس سے محرومی انسان کو نہ جینے دیتی ہے اور نہ ہی مرنے دیتی ہے اور شدید ذہنی دھچکوں کا باعث اور اکثر جان لیوا ثابت ہوتی ہے یہ ہی وہ دنیا کی واحد چیز ہے جس کا استعمال ہمیشہ ہی سے انتہائی بے دردی کے ساتھ کیاگیا ہے۔

آپ انسانی تاریخ اٹھا کر پڑھ لیں آپ کو اس میں ہزاروں وحشت، بربریت کے واقعات با آسانی سے مل جائیں گے جس سے آپ کے بدن میں تھر تھری مچ جائے گی لیکن دوسری طرف آگر آپ اقتدار کی تاریخ کو پڑھیں گے تو اس میں اس قدر جنونیت ، بربریت ، حیوانیت ، وحشت ملے گی کہ آپ تھوڑی ہی دیر میں اسے پڑھنا بند کردیں گے۔ دنیا کی تاریخ میں اقتدار سے زیادہ کوئی اور چیز نہیں لٹی ہے اس کو لوٹنے کے طور و طریقے مختلف زمانوں میں مختلف رہے ہیں ۔ اسے لوٹنے کا اپنا ہی ایک مزا رہا ہے جس نے بھی اسے ایک بار لوٹا وہ اسے بار بار لوٹنے کے لیے تڑپتا ہی رہا۔ زائرے (کانگو ) کی شابہ قوم میں اقتدار کے بارے میں سو چنے کے لیے ایک بہت مختلف استعارہ استعمال کیا جاتا ہے۔

اس قوم کے افراد ایک پرانی کہاوت کا حوالہ دیتے ہیں جس کے مطابق ''اقتدار پورے کا پورا کھایا جاتا ہے'' اقتدار ایک ایسی چیز ہے جو اچھی بھی ہے اور صحت مند بھی جو سرداری کے عہدے کے کھائے جانے کے بعد سردار کی کایا کلپ کر دیتی ہے۔لوبا قوم کے لیڈر جیسن نسیڈو کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اس نے 1960ء میں زائرے کی آزادی کے دنوں میں اپنی ایک تقریر ایسے شروع کی تھی کہ ''چونکہ میں نے اپنا اقتدارکھا لیا'' اقتدار کے بارے میں یہ خیال نہیں کیا جاتا تھا کہ اس پر قبضہ جمایا جاتا ہے یا اسے مسلط کیاجاتا ہے بلکہ یہ سوچا جاتا تھا کہ یہ کوئی نگلنے جانے والی چیز ہے ایک ایسی ملک ہے کہ جو نگلنے والے پیٹ میں جا کر اس کی ہو جاتی ہے۔

اس لیے یہ خیال کرنا کہ صرف ہمارے لوگ ہی اقتدار کو کھانے کے اولین چیمئن ہیں بالکل غلط ہے ان سے بہت بہت پہلے زائرے کے لوگ اقتدار کو کھانے کے عادی تھے ۔ہمارے لوگ تو صرف ان کے نقال ہیں ان کی کاربن کاپی ہیں انھوں نے اقتدار کو کھانے کے طورطریقے ان ہی سے سیکھے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ وہ زائرے کے لوگوں سے بھی زیادہ بھوکے نکلے ہیں بلکہ اس قدر بھوکے نکلے کہ انھوں نے ملک میں کوئی بھی چیز نہیں چھوڑی سارا کا سارا ملک کھاگئے اور کھانے کے بعد شور مچا رہے ہیں کہ کون ملک کھا گیا ۔ زائر ے لوگ ملک کھاتے تھے تو برملا اس بات کااظہار کرتے تھے لیکن ہمارے بھوکے تو اس جرأت کا بھی مظاہرہ نہیں کررہے ہیں ۔

ڈی جو ونل کے بقول اقتدار والے محسوس کرتے ہیں کہ '' ان کا جسم تک پہلے سے بڑا ہوگیا ہے حکومت پہاڑ کی چوٹی کی مانند ہوتی ہے وہاں جو ہوا سانس کے ساتھ اندر جاتی ہے اس کی باس ہی اور ہوتی ہے اور جو منظر وہاں سے دکھائی دیتے ہیں وہ ان مناظر سے بہت مختلف ہوتے ہیں جوکہ وادی اطاعت سے نظر آتے ہیں '' لیکن جب اقتدار جا رہا ہوتا ہے تو وہ نرے بدھوؤں کی طرح بڑبڑ ادھر ادھر تکتے رہتے ہیں اور یقین مانیے کہ ایسے حکمران سے زیادہ قابل ترس چیز اس دنیامیں کوئی اورنہیں ہوتی کہ جس کا اقتدار ختم ہو رہا ہو وہ فضول اشار ے کرتا رہ جاتا ہے لیکن سب اس کی سنی ان سنی کرکے آگے چل دیتے ہیں یہ بات ذہن میں رہے ہر بادشاہ کو قاتلوں سے خوف رہا ہے بھائی یا چچا زاد بھائی سے خطرہ رہا ہے کہ وہ اس کی کر سی غضب کرے گا اور امرا اور سرداروں سے یہ ڈر رہا ہے کہ وہ بغاوت کردیں گے ۔

ایک مورخ انتہائی مستحکم اور پائیدار قرار دیے جانے والی بازنطینی سلطنت کے بارے میں لکھتا ہے کہ ''395ء تا 1453ء جو 107 فر مانروا تخت نشین ہوئے ان میں سے صرف 34 کاانتقال بستر پرہوا اور 9 جنگ یا حادثے میں مارے گئے بقیہ کو یا تو تخت سے دستبردار ہونا پڑا اور یا پھر وہ زہر، مثلے،گل گھوٹو یا پھانسی کی پرتشدد موت مرے '' 1989ء کا وہ لمحہ تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا جب نکولائی چاؤ شسکو نے بخارسٹ میں واقع مرکزی مجلس کی عمارت کی بالکونی میں کھڑے تقریر کرتے ہوئے یہ محسوس کیا تھا کہ یہ مجمع اب اس کی تقریر کے اتار چڑھاؤ پر واہ واہ کرنے کے لیے جمع نہیں ہوا بلکہ اس کے خون کے لیے غرا رہا ہے۔

ایمیل ڈر خائم کا کہنا ہے کہ '' اجتماعی احساس کسی مادی شے پر نصب ہو کر ہی خود سے آگاہ ہوسکتا ہے اب یہ شے حاکم کا جسم بھی ہوسکتا ہے کوئی عمارت ، جگہ یا پتھر بھی ہوسکتا ہے اور صلیب بھی '' اقتدار پر ستوں کو یہ بات اچھی طرح سے یاد کرلینی چاہیے کہ جب آپ ایک مرتبہ کرسی سے نیچے اتر جاتے ہیں تو آپ کا اپنے ورثے ، شہرت اور نیک نامی پر اختیار ختم ہوجاتا ہے اور پھر آپ کے کردار کی سندیں عموماً دوسرے تحریر کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

تشویشناک صورتحال

Dec 28, 2024 01:16 AM |

چاول کی برآمدات

Dec 28, 2024 01:12 AM |

ملتے جلتے خیالات

Dec 28, 2024 01:08 AM |