ن لیگ کے پاس الیکٹ ایبلز ہم نظریاتی لوگ ہیں گیلانی

ن لیگ کا ڈنکا بج رہا ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں کلین سویپ کریگی، اختر کانجو


Monitoring Desk/ April 26, 2013
ہم نے انتخابی مہم میں ٹیکنالوجی استعمال کی، جہانگیر ترین کی ’’لائیو ود طلعت‘‘ میں گفتگو فوٹو : فائل

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کا الیکشن نظریات پر مبنی ہے دوسری جماعتیں الیکٹ ایبلز کی بات کررہی ہیں۔

ن لیگ اور تحریک انصاف نے بڑی غلطی کی ہے کہ تمام بڑے الیکٹ ایبلز کو اپنے گروپ میں شامل کیا۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''لائیو ود طلعت'' میں میزبان طلعت حسین سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا ن لیگ کے پاس الیکٹ ایبلز زیادہ ہیں ہمارے پاس پرانے اور نظریاتی لوگ ہیں۔ میں الیکشن نہیں لڑ رہا لیکن میری فیملی سے بھائی اور دوبیٹے لڑ رہے ہیں۔ ملتان میں قومی اسمبلی کی چھ نشستیں ہیں جو ہم ساری کی ساری جیتیں گے۔

مسلم لیگ ن کے اخترکانجو نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا ڈنکا بج رہا ہے، ن لیگ نے جیتنے والے امیدواروں کو ہی ٹکٹ دیے ہیں اور پہلی مرتبہ مجھے ن لیگ کا ووٹ نظر آرہا ہے جس کی وجہ شہبازشریف کے کام ہیں لاہور میں جو کام کئے گئے اس کے علاوہ پی پی پی کی نااہلی بھی ہے۔ پی ٹی آئی کا صرف نام ہے مگر امیدوار نہیں ہیں۔ جنوبی پنجاب کا علاقہ برادریوں پر مشتمل ہے، ن لیگ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں کلین سویپ کرجائے گی بیچ میں کوئی بلنڈر ہوجائے تو کچھ کہا نہیں جا سکتا بلوچستان میں بھی نوازشریف جگہ بناسکتے ہیں سندھ کی صورتحال کچھ اور ہے۔ مرکز میں میرے خیال میں نوازشریف کو حکومت بنانی چاہئے۔ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہاکہ جب سے پی ٹی آئی ہے تو سمجھدار طبقے نے تحریک انصاف کا انتخاب کیا ہے۔

ہم نے نوجوان قیادت کو متعارف کرایا ہے۔ ہم نے انتخابی مہم میں ٹیکنالوجی کو استعمال کیا ہے، ملتان کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد لوگوں کے نمبر میرے پاس ہیں ہم نے ان کو ایس ایم ایس کے ذریعے اپنی نظریات سے آگاہ کیا ہے پھر ہم نے کال سنٹرز کو بھی استعمال کیا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق جنوبی پنجاب کا علاقہ پاکستان کے ان چند علاقوں میں شامل ہے جہاں پر الیکشن کے قریب ساری جماعتیں بھرپور دعوے کررہی ہیں، جنوبی پنجاب میں دھڑے کی سیاست بھی عروج پر ہے اور عوام کا جوش وخروش بھی دکھائی دے رہا ہے پیپلزپارٹی کی انتخابی مہم ذراکمزور نظرآتی ہے مگر ان کا خیال ہے کہ انکا ووٹ پکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں