سلمان خان اپنے بھائی اربازخان سے متعلق سوال سے بچنے لگے

سلمان خان کو خدشہ ہے کہ ارباز خان پر سٹے بازی کے الزام سے متعلق کچھ بھی کہنا ریس 3 پر اثر انداز ہوسکتا ہے

ارباز خان پر آئی پی ایل میں سٹے بازی کا الزام ہے فوٹو: فائل

بالی ووڈ کے دبنگ خان کے خلاف عدالت میں کئی مقدمات زیر سماعت ہیں اور اسی وجہ سے اکثر انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اس بار وہ اپنی نہیں بلکہ اپنے چھوٹے بھائی ارباز خان کی وجہ سے مشکل میں پھنس گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ فلم 'ریس 3' کی تشہیر کے لیے خود میدان میں اتریں گے لیکن اب وہ میڈیا کے سامنے آنے سے بچ رہے ہیں کیونکہ انہیں اس بات کا خدشہ ہے کہ میڈیا ان سے اربازخان کی سٹے بازی سے متعلق ضرور پوچھے گا۔


سلمان خان کی فلم ''ریس 3'' کی ریلیز کو کچھ ہی دن باقی ہیں اور وہ اس موقع پر نہیں چاہتے کہ کوئی ان سے ان کے چھوٹے بھائی ارباز خان کی سٹے بازی سے متعلق کوئی سوال پوچھے کیونکہ اگر انہوں نے اپنے بھائی کی حمایت یا مخالفت میں کچھ بھی کہا تو اس سے ان کی فلم پر برا اثرپڑسکتا ہے۔ اس لئے انہوں نے فلم میں کام کرنے والے دیگر اداکاروں کو خاص طورپرتنبیہہ کی ہے کہ وہ ارباز خان سے متعلق کسی بھی سوال کا جواب نہ دیں۔

واضح رہے کہ جس روزارباز خان کی سٹے بازی میں ملوث ہونے کی خبریں آئی تھیں اسی روز ریس 3 کے گانوں کی رونمائی کی تقریب تھی اورعین وقت پراس تقریب کو ملتوی نہیں کیا جاسکتا تھا ۔ اس لئے اربازسے میڈیا کی توجہ ہٹاںے کے لیے سلمان خان اسٹیج پر اپنے ساتھ اپنی گرل فرینڈ لولیا ونترکو بھی لے آئے تھے اور دونوں نے مل کر گانا بھی گایا تھا۔
Load Next Story