بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ پر جیل میں قاتلانہ حملہ شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل

بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ پر 5 قیدیوں نے جیل میں موجود کھانےکے برتنوں سے حملہ کرکے شدید زخمی کر دیا۔

سربجیت سنگھ کو زخمی حالت میں لاہور کے جنرل اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ فوٹو: فائل

کوٹ لکھپت جیل میں قید بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ پر ساتھی قیدیوں نے حملہ کرکے اسے شدید زخمی کر دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ پر 5 قیدیوں نے جیل میں موجود کھانےکے برتنوں سے حملہ کرکے شدید زخمی کردیا جس کے بعد اسے لاہور کے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

نمائندہ ایکسپریس نیوزکے مطابق سربجیت سنگھ پر حملہ کرنے والے پانچوں افراد بھی سزائے موت کےقیدی ہیں جن سے جیل انتظامیہ تفتیش کر رہی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق سربجیت سنگھ کو سر، بازوؤں اور کندھے پر زخم آئے ہیں۔


سربجیت سنگھ کی بہن دلبیر کور نے کہا کہ سربجیت سنگھ نے بتایا تھا جیل میں اس کی جان کو خطرہ ہے اور کئی قیدی اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دے رہے تھے۔ انہوں نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلے میں فوری طور پر حکومت پاکستان سے رابطہ کرے تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد وہ اور ان کا خاندان سربجیت کی صحت کے حوالے سے بہت فکر مند ہیں اور انہیں اپنے بھائی کی خیریت دریافت کرنے کے لئے فوری طور پر پاکستان کا ویزا دیا جائے۔

سربجیت سنگھ کے وکیل اویس شیخ کا کہنا ہے کہ ان کے مؤکل کو جیل میں دھمکیاں مل رہی تھیں جس کے متعلق سربجیت نے جیل حکام کو بتایا تھا۔

واضح رہے کہ عدالت نے سربجیت سنگھ کو 16 سال قبل لاہور اور فیصل آباد میں دھماکوں کے جرم میں سزائے موت سنائی تھی، دھماکے میں 14 پاکستانی شہید ہوگئے تھے، سربجیت سنگھ کے اہل خانہ پاکستان آکر ا اس کی معافی کے لئے کئی مرتبہ رحم کی اپیل بھی کرچکے ہیں تاہم حکومت پاکستان رحم کی تمام اپیلیں مسترد کرچکی ہے۔
Load Next Story