حسن عسکری پنجاب اورعلاؤالدین مری بلوچستان کے نگراں وزیراعلیٰ مقرر

حسن عسکری کل نگراں وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے، ذرائع


ویب ڈیسک June 07, 2018
حسن عسکری کل نگراں وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے، ذرائع

الیکشن کمیشن نے حسن عسکری کو نگراں وزیر اعلی پنجاب مقرر کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سرداررضا کی زیرصدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں نگراں وزیراعلیٰ کے لیے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے بھجوائے گئے چار ناموں ایڈمرل (ر) ذکاء اللہ، جسٹس (ر) سائر علی، پروفیسر حسن عسکری اور ایاز امیر پر غور کیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے باہمی مشاورت کے بعد پروفیسر حسن عسکری کے نام پر اتفاق کیا اور پھر اس کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا۔ حسن عسکری کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

پروفیسر حسن عسکری نے 1980 میں یونیورسٹی آف پنسلوانیا سے پی ایچ ڈی کیا ہے اور انہیں 23 مارچ 2010 کو صدر پاکستان نے ستارہ امتیاز سے نوازا تھا۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کی جانب سے بھجوائے گئے ناموں پرغور کیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے تمام ناموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد علاؤ الدین مری کومتفقہ طورپربلوچستان کا نگراں وزیراعلی مقررکردیا۔

نگراں وزیراعلیٰ علاؤالدین مری کا تعلق ضلع مستونگ سے ہے، علاؤالدین مری نے ابتدائی تعلیم تعمیرنواسکول کوئٹہ سے حاصل کی، یونیورسٹی آف خضدارانجینیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے بی ای کی ڈگری حاصل کی اورانجنیئر بننے کے بعد ذاتی کاروبارشروع کیا

واضح رہے کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب اور بلوچستان کے معاملے پرحکومت اور اپوزیشن میں اتفاق رائے نہ ہونے پر یہ معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔