بھارت خطے کو ہتھیاروں کی دوڑ میں جھونک رہا ہے پاکستان 

پاک فوج ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے، ترجمان دفتر خارجہ


ویب ڈیسک June 07, 2018
کشن گنگا ڈیم پر ذمہ داری عالمی بینک کی ہے، ڈاکٹر فیصل فوٹو: فائل

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارت خطے کو ہتھیاروں کی دوڑ میں جھونک رہا ہے اور پاکستان کو بھی تیار رہنا پڑے گا۔

دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے میں بھارت نے 7 کشمیریوں کو شہید کیا جب کہ احتجاج کے دوران ایک جوان پر فوجی جیپ چڑھا دی گئی، سری نگر میں بھارتی حکام نے انٹر نیٹ سروسز بھی بند کر دی، پاکستان شبیر احمد شاہ اور آسیہ اندرابی سمیت سیکڑوں حریت رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہے۔

پاکستان بھی تیار


ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، بھارت خطے کو ہتھیاروں کی دوڑ میں جھونک رہا ہے، پاکستان کو بھی تیار رہنا پڑے گا، پاک فوج ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے، پاکستان معاملات پُرامن طور پر حل کرنے کا خواہاں ہے لیکن بھارت نہیں چاہتا تو ہم بھی تیار ہیں۔

پانی ہماری شہہ رگ


بھارت کی آبی دہشتگردی سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پانی کا مسئلہ ہماری شہہ رگ ہے، کشن گنگا ڈیم پر ذمہ داری عالمی بینک کی ہے۔

عام انتخابات


عام انتخابات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ عام انتخابات آزادانہ اور شفاف ہو ں گے، انتخابات کے حوالے سے عالمی برادری کا ردعمل مثبت ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس


ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ صدر مملکت 9 جون کو شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کے لئے چین کا دورہ کریں گے، اس دوران وہ چین کے صدر اور دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

ریحام خان کی کتاب


ترجمان دفترخارجہ نے ریحام خان کی کتاب پر تبصرے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہم کتابوں پر تبصرہ نہیں کرتے، یہ آزاد سوسائٹی ہے، سب کو اظہار کی اجازت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔