فنکشنل لیگ اور پیپلزمسلم لیگ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگئی

این اے 29، 230،پی ایس 60،61،62،63اور58پر(ف)لیگ کی حمایت کی جائیگی.

ارباب غلام رحیم کی پیر پگاراسے ملاقات، انتخابی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا. فوٹو: فائل

لاہور:
پیپلز مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا ہے کہ کسی کی نیندیں خراب ہوں تو ہونے دیں ، پیر صاحب پگارا اور ہم آئندہ انتخابات میں مل کے چلیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) اور پیپلز مسلم لیگ کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگئی ہے،خود ساختہ جلاوطنی ختم کرنے کے بعد ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے جمعہ کو پہلی مرتبہ کراچی میں حروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ (فنکشنل) کے سربراہ پیرپگارا سے راجہ ہاؤس میں ملاقات کی ، جس میں مسلم لیگ (فنکشنل)کراچی ڈویژن کے صدر پیرزادہ یاسر سائیں بھی موجود تھے۔

ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی، دونوں رہنماؤں نے آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور دونوں جماعتوں کے مابین سیٹ ایڈجسٹمنٹ کو حتمی شکل دی گئی، ملاقات کے بعد راجہ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں سابق وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا کہ پیر صاحب پگارا اور ہمارے درمیان سمجھوتہ طے پاگیا ہے، ہم دونوں مل کر چلیں گے اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی ہوگئی ہے ،اکا دکا معاملات کو بھی حل کرلیا جائیگا ،اس سوال پر کہ آپ کے اس اتحاد سے کسی کی نیندیں خراب ہونگی۔




ارباب غلام رحیم نے کہا کہ ہمارے اتحاد سے کسی کی بھی نیندیں خراب ہوں اس سے ہمارا کوئی سروکار نہیں ہے ،پیرصاحب اور میں پرانے دوست ہیں ، دریں اثنا ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ فنکشنل اور پیپلز مسلم لیگ کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق ہو گیا ہے،جس کا اعلان جلد متوقع ہے ۔

ذرائع کے مطابق فنکشنل لیگ تھرپارکر میں این اے 29 این اے 230 ، پی ایس 60 ، پی ایس 61 ، پی ایس 62 ، پی ایس63 اور بدین میں پی ایس 58پر پیپلز مسلم لیگ کے امیدواروں کی حمایت کرے گی جبکہ پیپلز مسلم لیگ بدین میں این اے 224 اور 225 پی ایس 55، 56 اور پی ایس 57 پر فنکشنل لیگ کے امیدواروں کی حمایت کریگی ۔
Load Next Story