الیکشن 2013پولیس اور انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس سیکیورٹی پلان کا جائزہ

سیکیورٹی انتظامات3 حصوں میں تقسیم، پولنگ اسٹیشنوں کے قریب گاڑیوں کو لانے اور پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی.


Staff Reporter April 27, 2013
سیکیورٹی انتظامات3 حصوں میں تقسیم، پولنگ اسٹیشنوں کے قریب گاڑیوں کو لانے اور پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی. فوٹو: فائل

لاہور: انتخابات کے انعقاد کیلیے کراچی پولیس اور انتظامیہ نے سیکیورٹی پلان اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیکر اسے حتمی شکل دیدی، سینٹرل پولیس آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق اس سلسلے میں سینٹرل پولیس آفس میں مشترکہ اجلاس منعقد ہوا ۔

جس کی صدارت کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی اقبال محمود نے کی ، اجلاس میں زونل ڈی آئی جیز ، ضلعی ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی ایس ایس پیز کراچی نے شرکت کی ، اجلاس میں الیکشن سیکیورٹی پلان کا مشترکہ طور پر تفصیلی جائزہ اور اس ضمن میں ممکنہ خطرات ، درکار لاجسٹک سپورٹ اور بعدازاں سیکیورٹی اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے جملہ امور کا بھی مفصل احاطہ کیا گیا، اجلاس میںزونل ڈی آئی جی جیز ، ضلعی ایس ایس پی اور ضلعوں کے ڈپٹی کمشنرز کو بتایا گیا کہ الیکشن کی سیکیورٹی کے ضمن میں ابتدائی اجلاس مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ سفارشات بھی تیار کرلی گئی ہیں۔

، سیکیورٹی انتظامات کو 3حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے ، پہلا حصہ ایس ایس پی ، دوسرا سیکٹر ڈی ایس پی اور تیسرا سیکٹر تھانہ ایس ایچ او کی نگرانی میں فرائض انجام دے گا، سیکیورٹی فرائض پر عملدرآمد کے ضمن میں تمام تر ذمے داریاں تیار کردہ اسٹینڈنگ آپریٹنگ پروسیجر کے تحت مذکورہ تینوں سیکٹرز یقینی بنائیں گے ، اجلاس کے فیصلے کے مطابق پولنگ اسٹیشنوں کے قریب موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو لانے اور پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ رائے دہندگان کی تلاشی کو بھی حتیٰ الامکان یقینی بنایا جائے گا۔



، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ہفتے سے زونل ڈی آئی جیز ، ضلعوں کے ایس ایس پیز و ڈپٹی کمشنر باقاعدگی سے اجلاس منعقد کریں گے ، مزید برآں ضلعی ایس ایس پیز و ڈپٹی کمشنرز متعلقہ دفاتر میں قائم الیکشن مانیٹرنگ سیلز کو بھی 24 گھنٹے فعال رکھیں گے ۔

اجلاس میں شہر کے انتہائی حساس ، حساس اور نارمل کیٹگریز میں آنے والے پولنگ اسٹیشنوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ ایسے پولنگ اسٹیشنوں پر باوردی اور سادہ لباس افسران و جوانوں کے علاوہ پولیس کمانڈوز کی تعیناتی کو بھی ممکن بنانے کے ساتھ ساتھ اینٹی رائٹس آلات سے لیس ریزرو پلاٹون بھی تیار حالت میں رکھی جائیں گی ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عام انتخابات کیلیے آنیوالے غیر ملکی مبصرین کی سیکیورٹی کے اقدامات کے ضمن میں کراچی پولیس اور انتظامیہ وفود کے شرکا کی فہرستوں کے مطابق تمام تر لائحہ عمل کو یقینی بنائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں